26سو سے زائد بھارتی سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے، پرتپاک استقبال

26سو سے زائد بھارتی سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے، پرتپاک استقبال

لاہور (کرائم رپورٹر)سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک دیو جی کے 548ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارت سے26سو سے زائد سکھ یاتری خصوصی ٹرینوں کے ذریعے واہگہ ریلوے سٹیشن پہنچ گئے جہاں پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق نے انکا استقبال کیا ۔ پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھا ن سردارتارا سنگھ، ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز طارق خان وزیر ، ڈپٹی سیکرٹری عمران گوندل، فراز عباس، پی آر او عامر ہاشمی،سردار بشن سنگھ،سردار منندر سنگھ سمیت دیگر بورڈ افسران و سکھ رہنما موجود تھے۔اس موقع پر موجود میڈیا سے گفتگو میں صدیق الفاروق نے بھار ت سمیت دنیا بھر سے آنیوالے ہزاروں سکھ کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا یاتریوں کی سکیورٹی، رہائش، میڈیکل،لنگر اور سفری سہولیات سمیت تمام تر انتظامات مکمل کیے گئے ہیں، مہمانوں کو کسی قسم کی کوئی دشواری پیش نہیں آئے گی ۔ یاتریوں کو مکمل وی آئی پی سہولیات دی جائیں ۔گورودواروں میں پہلے سے بہتر مثالی ترقیاتی کام ہوئے اور یاتری گورو دارہ جنم استھان کی خوبصورتی کو دیکھ کر حیران رہ جائیں گے ۔ ہم اپنے ہمسایہ ملک کیساتھ دوستانہ تعلقات میں مزید بہتری چاہتے ہیں۔اس موقع پرسکھ یاتریوں کے پارٹی لیڈ ر سردار گرمیت سنگھ بو نے کہا ہمیں پاکستان آ کر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے اور ہم یہاں پر امن و محبت بھائی چارے اور دوستی کا پیغام لیکر آئے ہیں جبکہ ڈپٹی پارٹی لیڈر سردار ارویندر سنگھ کا کہنا تھا پاکستا ن ہمارے گوروں کی دھرتی ہے اور ہمیں اس سے بہت پیار ہے حکومت اور چیئرمین بورڈ متروکہ وقف املاک نے ہماری سکیورٹی کیلئے بہتر انتظامات کرتی ہے ۔سردار سوہن سنگھ گل اور سردار بلدیو سنگھ نے کہا پاکستان میں ہمیں ہمیشہ مثالی پیار ملا یہ سکھ مسلم دوستی کی زندہ مثال ہے ۔اس موقع پر بھارت سے آئے پانچ پیاروں نے پا کستان زند ہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

سکھ یاتری

مزید : صفحہ آخر