ڈی جی نیب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست نیب کے جواب کے بعد نمٹا دی گئی

ڈی جی نیب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست نیب کے جواب کے بعد نمٹا دی گئی

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے ڈی جی نیب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست نیب کے جواب کے بعد نمٹا دی۔مسٹر جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ظہور احمد کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ ہم دونوں میاں بیوی حج کے لئے سعودی عرب جانا چاہتے تھے،اس مقصد کے لئے فلائنگ ٹریول کے مالک شیخ فرحان کو حج کی ادائیگی کے لئے 10لاکھ 20ہزار روپے ادا کئے، لیکن شیخ فرحان نے نہ تو حج پر بھجوایا اور نہ رقم واپس کی۔ نیب کی جانب سے سپیشل پراسیکیوٹر زاہد منہاس نے پیش ہوکر بتایا کہ ڈی جی نیب نے درخواست پر فیصلہ کردیا ہوا ہے، اس درخواست پر کارروائی نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی، درخواست پر کارروائی کا اختیار ایف آئی اے کو حاصل ہے، ڈی جی نیب نے درخواست پر فیصلہ کرتے ہوئے ایف آئی اے اور درخواست گزار کو اس حوالے سے خط لکھ دیا ہے، نیب کے جواب کے بعد عدالت نے درخواست نمٹا دی۔

مزید : علاقائی