ججوں کی بھرتی کیلئے سلیبس تبدیلی کیخلاف آج ہڑتال ہوگی: پنجاب بار کونسل

ججوں کی بھرتی کیلئے سلیبس تبدیلی کیخلاف آج ہڑتال ہوگی: پنجاب بار کونسل

لاہور(نامہ نگار)پنجاب بارکونسل نے سول ججوں کی بھرتی کے لئے سلیبس تبدیل کرنے کے خلاف آج3نومبر کو صوبہ بھرمیں مکمل ہڑتال کااعلان کردیاہے، اس سلسلے میں پنجاب بارکونسل کے وائس چیئرمین ملک عنائت اللہ اعوان نے پنجاب بھر کے وکلاء کو ہڑتال کی کال دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پراناسلیبس بحال کیا جائے ۔ان کا کہناہے کہ سول ججوں کی بھرتی کے لئے پرانا سلیبس بحال نہیں کیاگیا ، اس معاملہ کو انتظامی سطح پرحل کرنے کی کوشش کی لیکن شنوائی نہیں ہوئی ، ممبرپنجاب بارکونسل سید فرہاد علی شاہ کا کہناہے کہ انہوں نے اس معاملہ کے حل کے لئے چیف جسٹس ہائیکورٹ سے ملاقات کی کوشش کی لیکن کسی نے ملنے نہیں دیا، وہ معاملہ کو افہام وتفہیم سے حل کرنا چاہتے تھے لیکن بعض عدالتی افسران اس معاملہ کو انتظامی سطح پرحل کرنے میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں ، ان کا مزید کہناہے کہ پنجاب سول سروس رولز کے تحت ہائی کورٹ کو امتحانی سلیبس کی تبدیلی کا کوئی اختیار نہیں،،، پرانے سلیبس کے تحت تیاری کرنے والے امیدواروں پر نئے سلیبس کا اطلاق آئین اور قوانین سے متصادم ہے،انہوں نے کہا کہ نیا امتحانی سلیبس قانون کے مضامین سے ہٹ کر بنایا گیا ہے۔

مزید : علاقائی