کیانیب بینکنگ جرائم پرکارروائی کر سکتا ہے؟ :ہائیکورٹ
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے 10کروڑ روپے بینک ڈیفالٹ ڈگری پر نیب کی کارروائی کے خلاف درخواست پر فریقین سے نقطے پر وضاحت طلب کی ہے کہ کیا نیب بینکنگ جرائم پر کارروائی کرسکتا ہے ؟مسٹر جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے شبیر حسین کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل سید وقار حسین نقوی نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار نے ایم سی بی سے 2003 ء میں نو کروڑ روپے قرض لیا جو 2009 ء میں ڈیفالٹ کرگیا، 31مئی 2012 ء کو بینکنگ عدالت نے درخواست گزار کے خلاف دس کروڑ کی ڈگری جاری کردی، بینک نے کارروائی کے لئے نیب کو درخواست دے دی جس پر نیب نے احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کر دیا، حالانکہ نیب کو اس کا اختیار نہیں تھا،نیب کے پراسیکیوٹر فیصل بخاری نے کہا کہ ملزم نے جو جائیداد بینک میں رہن رکھی تھی اس جائیداد کی قیمت ڈگری کی رقم سے کم ہے، بقایا رقم کی ادائیگی تک ملزم کو رہا نہیں کیا جاسکتا، عدالت نے نیب کے دائرہ اختیار پر مزید دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 6نومبر تک ملتوی کردی۔