اسلام آباد ہائیکورٹ ،نواز شریف کے ریفرنسز یکجا نہ کرنے کا فیصلہ کالعدم ،احتساب عدالت کو دوبارہ سماعت کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ ،نواز شریف کے ریفرنسز یکجا نہ کرنے کا فیصلہ کالعدم ...

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف ریفرنسز کو یکجا نہ کرکے ٹرائل کرنے سے متعلق احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق اورجسٹس محسن کیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے ان کے خلاف بنائے گئے نیب ریفرنس کو یکجا نہ کرکے ٹرائل کرنے سے متعلق احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت کی۔نواز شریف کے وکیل کی جانب سے عدالت عالیہ کے روبرو موقف اختیار کیا گیا کہ احتساب عدالت میں جمعہ کو نواز شریف کے خلاف ریفرنسز کی سماعت ہے، اس حوالے سے فرد جرم کی نقول بھی فراہم کردی گئی ہیں، نیب قانون کے تحت اثاثے جتنے بھی ہوں، جرم ایک تصورہوتا ہے جس کے باعث نیب کو 3 ریفرنسز کو ایک ریفرنس میں بدلنے کا حکم دیا جائے کیونکہ ایک ہی الزام پر 3 ریفرنس دائر نہیں کیے جاسکتے، جس پر نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر تین ریفرنسز دائر کیے گئے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کی درخواست پر احتساب عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے معاملہ دوبارہ احتساب عدالت کو بھجواتے ہوئے حکم دیا کہ نوازشریف کی اس درخواست کی دوبارہ سماعت کی جائے۔واضح رہے کہ نواز شریف نے نیب ریفرنسز کو یکجا کرکے سماعت کرنے کی درخواست کی تھی تاہم احتساب عدالت نے ان کی درخواست مسترد کردی تھی، جس کے بعد انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

نوازشریف ریفرنسز

مزید : کراچی صفحہ اول