ماتحت عدالتوں میں 73305 مقدمات زیر التواء ہیں،ضیاء لنجار

ماتحت عدالتوں میں 73305 مقدمات زیر التواء ہیں،ضیاء لنجار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر )سندھ کی ضلعی اور دیگر ماتحت عدالتوں میں 73305 مقدمات زیر التواء ہیں ۔ یہ بات سندھ کے وزیر قانون و پارلیمانی امور ضیاء الحسن لنجار نے جمعرات کو سندھ اسمبلی میں محکمہ قانون و پارلیمانی امور سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران بتائی ۔ وزیر قانون نے بتایا کہ 17 پراسیکیوٹرز کو گریڈ 19 میں ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرز کا عارضی طور پر چارج دیا گیا ہے ۔ محکمہ قانون میں کوئی افسر او پی ایس میں نہیں ہے ۔ اگر کوئی گریڈ 19 کا افسر دستیاب نہ ہو تو اس سے نچلے گریڈ کے سینئر ترین افسروں کو گریڈ 19 میں رکھا جاتا ہے ۔ 17 میں سے 9 افسران اپنی ترقی کی مدت پوری کر چکے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے کے کل 27 جوڈیشل ڈسٹرکٹ ہیں ، جن میں مجموعی طور پر 617 ڈسٹرکٹ اور سول کورٹس ہیں ۔کچھ عرصہ قبل ان عدالتوں میں 548 ججز کام کر رہے تھے جبکہ 69 ججز کی اسامیاں خالی تھیں ۔ اب نہ صرف یہ اسامیاں پر کر دی گئی ہیں بلکہ 58 نئی اسامیاں بھی تخلیق کرکے پر کر دی گئی ہیں ۔ وزیر قانون نے بتایا کہ صوبے کی ماتحت عدالتوں میں 73305 مقدمات زیر التواء ہیں ۔ ان میں سے 60967 مقدمات ضلعی عدالتوں میں ، 2385 اینٹی کرپشن کورٹس میں ، 5219 مقدمات انسداد ہشت گردی کی عدالتوں میں ، 255 مقدمات احتساب عدالتوں میں ، 452 مقدمات کسٹم اور اینٹی اسمگلنگ کورٹس میں ، 244 مقدمات بینکوں کی خصوصی عدالتوں میں ، 70 مقدمات ڈرگ کورٹس ، 3648 مقدمات سی این ایس کورٹس میں اور 66 مقدمات اینٹی انکروچمنٹ کورٹس میں زیر التواء ہیں ۔ وزیر قانون نے بتایا کہ یکم جنوری 2008 سے 15 مارچ 2013 تک محکمہ قانون و پارلیمانی امور میں شہری کوٹہ پر 338 اسامیاں پر کی گئیں ۔ ان میں سے کریمنل پراسکیوشن سروس ونگ میں 66 ، ایڈووکیٹ جنرل سندھ کے آفس میں 44 ، سولسٹر ڈپارٹمنٹ میں 183 اور نظامت انسانی حقوق میں 45 اسامیوں پر ملازمتیں فراہم کی گئیں ۔