پاکستان ریلویز کا رائیونڈ اور ننکانہ کیلئے بڑے ٹرین آپریشن کاآغاز

پاکستان ریلویز کا رائیونڈ اور ننکانہ کیلئے بڑے ٹرین آپریشن کاآغاز

ملتان(جنرل رپورٹر) پاکستان ریلویز نے رائے ونڈ اجتماع کے پہلے مرحلے میں فرزندان توحید کو رائے ونڈ اور باباگورونانک دیو جی کے جنم دن پر ہزاروں سکھ یاتریوں کو ننکانہ صاحب پہنچانے کے لئے ایک بڑے ٹرین آپریشن کا آغاز کر دیا ۔ رائے ونڈ کے لئے سکھر ،میر پورخاص اور نواب شاہ سے(بقیہ نمبر10صفحہ12پر )

خصوصی ٹرینیں چلائی گئی ہیں جبکہ معمول کی ٹرینوں پر بھی تبلیغی اجتماع کے ارکان کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ سکھ یاتریوں کے لئے خیر پور ،حیدرآباد اور میر پورخاص سے تین ٹرینیں ننکانہ صاحب کے لئے چلائی گئی ہیں۔ تبلیغی جماعت کے ارکان پانچ نومبر جبکہ سکھ یاتری سات نومبر کو رائے ونڈ اور ننکانہ صاحب سے خصوصی ٹرینوں کے ذریعے واپس لوٹیں گے۔ بھارت سے آنے والے سکھوں کے لئے بھی تین علیحدہ خصوصی ٹرینوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ایڈیشنل جنرل منیجرٹریفک عبدالحمید رازی کی زیر صدارت ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں رائے ونڈ اور ننکانہ صاحب کے لئے خصوصی ٹرینوں کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ دریں اثناء آئی جی پاکستان ریلوے پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمان کی ہدایت پر فرزندان توحید کے رائیونڈ اجتماع اور باباگرونانک دیوجی کے جنم دن کی تقریبات کے لئے چلائی جانے والی خصوصی ٹرینوں میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنا یا گیا ہے۔ سپیشل ٹرنیوں میں ریلوے پولیس کے باوردی اور سادہ اہل کاروں کے علاوہ کمانڈوز کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے رائے ونڈ جانے والے فرزندان توحید اور ننکانہ صاحب پہنچنے والے سکھ یاتریوں کو بہترین سہولیات اور سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بابا گورونانک کے 549جنم دن پر بھارت سمیت دْنیا بھر سے پاکستان تشریف لانے والے سکھ یاتری ہمارے مہمان ہیں ان کی عزت،تحفظ اور آؤ بھگت ہمارا فرض ہے۔

مزید : ملتان صفحہ آخر