عوامی نیشنل پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ اور پی ٹی آئی کی مقبولیت میں کمی ہوئی ہے :غلام احمد بلور

عوامی نیشنل پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ اور پی ٹی آئی کی مقبولیت میں کمی ہوئی ...

پشاور(کرائمز رپورٹر)PK-1 دیر کالونی ،یوسی2 ،ملک سردار گل اعوان کے حجرے میں عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام ایک شمولیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت حاجی طورباچا نے کی۔تقریب میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما الحاج غلام احمد بلور،صوبائی و مرکزی ممبر کونسل الحاج ملک طارق اعوان ،سٹی ڈسٹرکٹ صدرملک غلام مصطفی،سابق صوبائی وزیر حاجی ہدایت اللہ،،صوبائی ممبر کونسل الحاج ملک اشتیاق اعوان، عمر واحد ، سبز علی خان، پی کے 9سے پیر سجاد باچا اور دیگر نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے غلام احمد بلور نے قومی وطن پارٹی سے مستعفی ہونے والے ناظم امانت علی باچااور ان کے ساتھیوں کو عوامی نیشنل پارٹی میں شامل ہونے پر مبارک باد پیش کی اور کہا عوامی نیشنل پارٹی اصولوں پر کھڑی ہونے اور قربانی دینے والی پارٹی ہے۔یہ پختونوں کے حقوق کے لیے لڑنے والی پارٹی ہے۔ ہمارے صوبے میں کسی چیز کی کمی نہیں اگر کمی ہے تو صرف اتفاق و اتحاد کی ہے ۔ انھوں نے پختونخواہ کی عوام سے کہا کہ اگرآپ لوگوں نے اپنے حقوق حاصل کرنے ہیں اور غربت ختم کرنی ہے تو آپ سب کو عوامی نیشنل پارٹی کے جھنڈے تلے جمع ہونا ہوگا۔NA-4کے الیکشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ اور پی ٹی آئی کی مقبولیت میں کمی ہوئی ہے ۔ہم ہار کر بھی جیت گئے اور پی ٹی آئی جیت کر بھی ہارگئی۔تقریب سے الحاج ملک طارق اعوان نے بھی خطاب کیا۔انھوں نے امانت علی باچا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا میں عوامی نیشنل پارٹی اور پی کے و ن کے تمام کارکنان کی طرف سے آپ کا تہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے ہمارا جرگہ قبول کیاہم آپ کے عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیتی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ آپ نے اے این پی میں شمولیت اختیار کر کے ہمیں عزت بخشی ہے ہم بھی آپ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ عوامی نیشنل پارٹی عزت والی پارٹی ہے جبکہ نیازی صاحب کی دھرنا پالیسی اور ناچ گانا پختونخواہ کے عوام کے سامنے ہے۔ان کو پختونوں کے حقوق کی کوئی فکر نہیں۔عوامی نیشنل پارٹی ہی ہمارے صوبے خیبر پختونخواہ کی پارٹی ہے ۔اس موقع پر حاجی ہدایت اللہ، پیر سجاد باچا اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا ۔تقریب کے آخر میں عوامی نیشنل پارٹی میں شامل ہونے والے کارکنان کو سرخ ٹوپیاں پہنائی گئی۔

مزید : کراچی صفحہ اول