ہمیں اپنی تمام تر توجہ معیاری تعلیم اور ریسرچ پر دینی چاہئے :محمد عاطف خان

ہمیں اپنی تمام تر توجہ معیاری تعلیم اور ریسرچ پر دینی چاہئے :محمد عاطف خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی تمام تر توجہ معیاری تعلیم اور ریسرچ پر دینی چاہیے۔ وہ اقوام جنہوں نے تعلیم کو اولین ترجیح دی اور اپنے سکول، کالج اور یونیورسٹیوں کو آباد رکھا ہے وہ آج ترقی و خوشحالی کی معراج پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے تعلیم کی بنیادی اہمیت کے پیش نظر پورے صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آج پرائیویٹ سکولوں سے طالب علم سرکاری سکولوں میں داخلے کیلئے آرہے ہیں۔ میرٹ پر اساتذہ بھرتی کئے گئے اور آئی ٹی کی تعلیم کو بنیادی اہمیت دینے کیساتھ ساتھ نئے سکولوں کی تعمیر اور پرانے سکولوں کی اپ گریڈیشن پر بھی بھر پور توجہ دی گئی۔ یہ باتیں صوبائی وزیر تعلیم نے عبد الولی خان یونیورسٹی مردان کے دورے کے موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر خورشید احمداور دیگر عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیں۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خورشید احمد، رجسٹرار ڈاکٹر ظہور احمد ، ڈائریکٹر سپورٹس فاروق حسین، ڈاےئریکٹر ورکس پرویز خان صافی، فیکلٹی اور ایڈمینسٹریشن ممبران موجود تھے۔ محمد عاطف خان نے یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹس اور یونیورسٹی کالج فار ویمن کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کو یونیورسٹی کی زیر تعمیر عمارات، کام کے معیار ، فنڈکی موجودہ صورتحال اور موجودہ عملے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر نے زیر تعمیر عمارت کے کام کے معیار پر تحفظات کے اظہار کیساتھ ساتھ یونیورسٹی میں سینکڑوں ملازمین کی بھرتی کو غیر ضروری قرار دیا ۔اُنہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی موجودہ مالی حالت بہت گھمبیر ہے اور یسی صورتحال میں نئے عملے کا بھرتی ہونا ٹھیک نہیں۔ صوبائی وزیر تعلیم نے وائس چانسلر کو یقین دلایا کہ یونیورسٹی کے مسائل کے حل کیلئے وہ بھرپور کوشش کریں گے۔ اور اس ضمن میں صوبائی اور وفاقی حکومتوں سے فنڈز کے حصول کیلئے بات چیت کریں گے تاکہ یونیورسٹی کے مسائل فوراً حل ہوسکیں اور تعلیم و تحقیق کے کام کو فوقیت مل سکے۔ صوبائی وزیر نے یونیورسٹی کے ایڈمینسٹریشن بلاک کے سامنے ایروکیریا کا پودا بھی لگایا ۔