وزارت خارجہ،قانون اور داخلہ میں عالمی وائرس سرایت کرگیا ہے ،لیاقت بلوچ

وزارت خارجہ،قانون اور داخلہ میں عالمی وائرس سرایت کرگیا ہے ،لیاقت بلوچ

ملتان(جنرل رپورٹر)جماعت ا سلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی کے بزرگ رہنما گلزار احمد بٹ اور سابق صوبائی وزیر سعید احمد قریشی (بقیہ نمبر33صفحہ12پر )

کے انتقال پر تعزیت کیلئے اُن کی رہائش گاہ گئے اُن کے صاحبزادوں سے تعزیت کی اور مرحومین کیلئے دُعا ئے مغفرت کی۔ لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی پنجاب کے ڈپٹی سیکر ٹری جنرل راؤ ظفر اقبال کی عیادت کی اور صحت یابی کی دُعا کی۔ جماعت اسلامی ضلع ملتان کے امیر میاں منیر احمد بودلہ، امیر سٹی ڈسٹرکٹ ملتان میاں آصف محمود اخوانی ، سیکر ٹری اطلاعات کنور محمد صدیق، مرزا تنویر احمد ، خالدمنیر بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکمران جماعتوں نے احتساب قانون اپنی مرضی کا بنا کر کرپشن ، لوٹ مار ، اختیارات کے ناجائز استعمال کو تحفظ دینے کا راستہ اختیار کیاتو جماعت اسلامی ملک گیر تحریک منظم کرے گی ۔ غریب عوام کے حقوق اور خون پسینے کی کمائی کی حفاظت اور کرپٹ مافیا کے موثر احتساب کے لیے عوام کو متحرک کریں گے ۔ 2018 ء کا انتخاب امانت ، اہلیت اور کرپٹ مافیا کے درمیان ہوگا ،عوام اپنے حقوق پر ڈاکہ نہیں پڑنے دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ آئین اور اسلامی قوانین کی حفاظت کے لیے علما اور نوجوانوں کو مسلسل بیدار رہنا ہوگا ۔ وزارت خارجہ ، قانون اور داخلہ میں عالمی وائرس سرایت کر گیاہے اس وجہ سے سیکولرازم مسلط کرنے اور اسلامی قوانین کو غیر موثر بنانے کے لیے حکمران بے قرار رہتے ہیں ۔ وزراء پوری ڈھٹائی سے آئین و قرآن و سنت سے متصادم اقدام اور موقف اختیار کرتے ہیں اور سینہ زوری سے علماء کے خلاف ہرز سرائی کرتے ہیں ۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہاکہ سالانہ بجٹ قوم کے ساتھ مذاق بنادیا گیاہے ۔ سال بھر منی بجٹ آتے ہیں جس سے قومی معیشت ڈگرگوں ہو جاتی ہے ۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ قومی معیشت تباہ کرے گا ۔ مہنگائی کا پھاٹک کھلے گا ۔ غریب غربت کے ہاتھوں زندہ در گور ہو جائے گا ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تیل کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لیا جائے ۔

مزید : ملتان صفحہ آخر