عمرہ زائرین کی بائیومیٹرک‘ اعتماد کمپنی کے ملتان آفس میں لنک ڈاؤن

ملتان(جنرل رپورٹر)عمرہ زائرین کی بائیو میٹرک تصدیق کرنے والے ملتان سب سنٹر کا لاہور آفس سے بذریعہ انٹر نیٹ مکمل(بقیہ نمبر52صفحہ7پر )
رابطہ بحال نہیں ہو سکا، سنٹر میں بائیو میٹرک کرنے کے کل پانچ سسٹم موجود ہیں جن میں ایک سسٹم کا لاہور آفس سے لنک تو بحال کر دیا گیا جبکہ باقی چار سسٹم کا بدستور لنک ڈاؤن ہے۔ لنک ڈاؤن ہونے کی وجہ سے جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں سے آنے والے مرد و خواتین اور بچوں کی لمبی لائنیں لگی رہیں، آدھے گھنٹے بعد باری لگنے کی وجہ سے لوگ لمبی لائنوں میں شام تک بائیو میٹرک کرانے کا انتظار کرتے رہے جبکہ ان میں سے بیشتر ناکام ہو کر واپس اپنے گھروں کو لوٹ گئے۔ دوسری جانب گزشتہ روز ’’اعتماد‘‘ کی جانب سے ایسے لوگوں کو بھی واپس بھیجا جاتا رہا جو بغیر وقت لئے سب سنٹر پہنچ گئے تھے۔ اس سلسلہ میں سعودی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ ہدایت میں کہا گیا ہے کہ بائیومیٹرک کے لئے ’’اعتماد‘‘ سے وقت لینا لینا ضروری ہے، بغیر Appointment کے بائیو میٹرک نہ ہو گا۔ اس سلسلہ میں گزشتہ روز آئے ہوئے لوگوں کو کہا جاتا رہا کہ بغیر Appointment کے بائیو میٹرک نہیں ہو گا جبکہ اس موقع پر لوگوں کو چند روز بعد کا وقت دیا جاتا رہا۔ علاوہ ازیں سب سنٹر پر آئے ہوئے عمرہ زائرین سراپا احتجاج رہے، انہوں نے شکایات کے انبار لگا دئیے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ سب سنٹر پہنچنا کسی کے لئے آسان کام نہیں اور جب پہنچ جاتے ہیں تو Appointment لینے کا کہہ کر ساری امیدوں پر پانی پھیر دیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سنٹر کے باہر کوئی بورڈ آویزاں نہیں کیا گیا جس سے سنٹر کو ڈھونڈنا بہت مشکل ہے۔ عمرہ زائرین 600 روپے کی بجائے 1800 روپے فیس مقرر کرنے پر بھی سراپا احتجاج رہے۔

مزید : ملتان صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...