ضلعی ناظم فصیح الدین کا پشاور سپورٹس کمپلیکس کا دورہ
پشاور( سپورٹس رپورٹر)ضلع اپردیر کے ضلعی ناظم صاحبزادہ فصیح الدین نے گذشتہ روز پشاور سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا ، اور کھیلوں کی دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پرانہوں نے میڈیاسنٹرمیں صحافیوں سے خصوصی ملاقات کے دوران بتایاکہ گذشتہ برس ہم نے کمراٹ میں ایک خوبصورت میلے کا انعقاد کیا تھا جسمیں نہ صرف پاکستان بھر سے بلکہ دوسرے ممالک سے آئے ہوئے لوگوں نے بھی کثیرتعداد میں شرکت کی، انہوں نے کہاکہ ہم نے اس سال بھی کمراٹ عظیم الشان فیسٹیول منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں مختلف قسم کے سٹالز اور کھانے پینے کے علاوہ دستکاری اور دیگر شعبہ جات کے حوالے سے سٹال لگائے جائیں گے تاکہ اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں،انہوں نے کہاکہ ابھی جلد ہی لواری سنوجیپ ریلی کا انعقادکیا جارہا ہے اس ریلی کوامن کا نام دیا جائیگا، جس میں ملک بھر سے خواہمشند حصہ لے سکتے ہیں ۔ناظم اعلیٰ اپر دیر صاحبزادہ فصیح الدین نے کہا کہ میرا سپورٹس کمپلیکس کے دورے کا مقصد یہ تھا کہ ہم یہاں کی سپورٹس میں ہونے والی سرگرمیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپردیر میں ہونے والی کھیلوں کی میدان میں اس سے استفادہ حاصل کرسکے ۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کیلئے میڈیا ہمارے ساتھ شانہ بشانہ کام کریں تاکہ ہماری آواز دنیا تک پہنچائی جاسکے کہ خیبرپختونخوا کے لوگ دہشتگرد نہیں بلکہ دہشتگردی سے متاثراورپرامن لوگ ہیں ۔