تحریک انصاف کے ورکرز پارٹی کا عظیم سرمایہ ہیں:میاں جمشید
پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کے وزیر ایکسائیز و ٹیکسیشن اور انسداد منشیات میاں جمشید الدین کا کا خیل نے پاکستان تحریک انصاف ضلع نوشہر کے انتخابات میں انہیں صدر منتخب کرنے پر پارٹی کے کارکنوں کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن پر پارٹی کیطرف سے کئے جانیوالے مسلسل اور غیر متزلزل اعتماد کووہ اپنا سب سے قیمتی سرمایہ سمجھتے ہیں اور وہ اس اعتماد پر پورا اترنے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ میں جمعرات کے روز ضلع نوشرہ کی مختلف یونین کونسلوں سے تعلق رکھنے والے پارٹی کارکنوں اور عمائدین علاقہ پر مشتمل وفود سے ملاقات کے دوران کیا ۔ وفود نے صوبائی وزیر کو پارٹی کے ضلعی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے انہیں اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پارٹی کیطرف سے مجھ پر جوذمہ داریاں عائد ہوئی ہیں ان کو وہ پارٹی قائدین کے وژن کے مطابق نبھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر کے عوام کی پاکستان تحریک انصاف سے بہت ساری توقعات وابستہ ہیں جن پر پورا اترنے کیلئے پارٹی کارکنوں کو مشترکہ کوشش کرنی ہوگی۔ میاں جمشید الدین نے وفود کا انہیں مبارکباد دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کے دروازے ہر وقت ہر کسی کیلئے کھلے رہیں گے۔