چکوال،حلقہ پی پی20کے ضمنی الیکشن کیلئے ابتدائی جو ڑ توڑ

چکوال،حلقہ پی پی20کے ضمنی الیکشن کیلئے ابتدائی جو ڑ توڑ

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) حلقہ پی پی20کے ضمنی الیکشن کیلئے ابتدائی جو ڑ توڑ شروع ہوگیا ہے۔ تمام جماعتوں نے مضبوط سے مضبوط تر امیدوار میدان میں اتارنے کیلئے صلاح مشورے شروع کر دیے ہیں۔ البتہ مسلم لیگ ن کا ٹکٹ مرحوم ایم پی اے چوہدری لیاقت علی خان کے صاحبزادے چوہدری حیدر سلطان کو ملنے کے100فیصد امکانات ہیں۔ مقابلہ مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان ہی ہوگا۔ جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنا امیدوار اپناووٹ بینک بہتر کرنے کیلئے میدان میں اتارے گی۔ مذہبی جماعتوں اور مذہبی تنظیموں کی حمایت بھی بڑی اہم ہوگی۔ گیارہ مئی2013 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے چوہدری لیاقت علی خان نے اس حلقے میں57ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے تھے۔ دوسری پوزیشن پاکستان تحریک انصاف کے علی ناصر بھٹی کی تھی جنہوں نے33ہزار ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ آزاد امیدوار چوہدری اعجاز فرحت بھی32ہزار ووٹ لیکر نمایاں رہے تھے۔ پیپلز پارٹی کے شاہ جہان سرفراز راجہ بمشکل چھ ہزار کے قریب ووٹ لے سکے تھے۔عمومی طور پر اس نشست سے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے چوہدری لیاقت علی خان چھ بار کامیاب ہوئے۔ صرف ایک بار جنرل پرویز مشرف کے دور میں2002کے انتخابات میں اس نشست پر چوہدری اعجازفرحت کامیاب ہوئے تھے۔ جن کا تعلق مسلم لیگ ق سے تھا اور انہوں نے مسلم لیگ ن کی بیگم عفت لیاقت جو مرحوم چوہدری لیاقت کی اہلیہ ہیں ان کوشکست دی تھی۔ 2008کے انتخابات میں بیگم عفت لیاقت نے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی تھی۔انہوں نے مسلم لیگ ق کے چوہدری اعجاز فرحت کو شکست دی تھی، اس الیکشن میں پیپلز پارٹی کے شاہ جہان سرفراز راجہ نے بھی 27ہزار ووٹ حاصل کیے تھے مگر ان کی پوزیشن تیسری تھی، بہرحال ضمنی الیکشن جو کہ31دسمبر سے قبل ہونا ہے اس نشست پر چوہدری حیدر سلطان فیورٹ ہیں تاہم اپوزیشن جماعتوں نے متفقہ امیدوار میدان میں اتارا تو وہ مسلم لیگ ن کے اندرونی اختلافات سے فائدہ اٹھا سکتی ہے۔

 

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...