بجلی کمپنیوں میں متوفی ملازمین کے بچوں کی بھرتی جاری رہے گی۔اویس

بجلی کمپنیوں میں متوفی ملازمین کے بچوں کی بھرتی جاری رہے گی۔اویس

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر مملکت برائے توانائی سردار اویس خان لغاری نے واپڈا اور تمام بجلی کمپنیوں میں دوران ڈیوٹی فوت، شہید یا مستقل معذور ہونے والے ملازمین کے بچے، بچی یا بیوہ کی تعلیمی قابلیت اور اہلیت کے مطابق بھرتی جاری رکھنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ اس امر کا فیصلہ گذشتہ روز یہاںآل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) کے سیکرٹری جنرل خورشید احمد کی قیادت میںیونین وفد کی وزیر توانائی سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔ وفد میں آئیسکو اسلام آباد ریجن کے چیئرمین جاوید اقبال بلوچ، ریجنل سیکرٹری حاجی ظاہر گل اور وائس چیئرمین طارق نیازی شامل تھے جبکہ سیکرٹری توانائی یوسف نسیم کھوکھر، ایم ڈی پیپکو ڈاکٹر عامر احمد اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سردار اویس لغاری نے وفد کو یقین دلایا کہ سی بی اے کے تمام جائز مطالبات پورے کیے جائیں گے حکومت کارکنوں کی فلاح و بہبود اور صارفین کی بہترسے بہتر خدمت کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ قبل ازیں خورشید احمد نے نئی ملازمتوں پر پابندی سمیت واپڈا ملازمین کے دیگر مسائل و مشکلات سے وزیر توانائی کو آگاہ کیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر