کے الیکٹرک کے میٹرز بین الاقوامی معیار کے مطابق ہیں

کے الیکٹرک کے میٹرز بین الاقوامی معیار کے مطابق ہیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک نے بعض حلقوں کی جانب سے بجلی کے میٹرز سے متعلق غلط معلومات پھیلانے اور بے بنیاد الزامات کی سختی سے مذمت کی ہے جو محض من گھڑت اور افسانوی باتیں ہیں۔پاور یوٹیلٹی نے واضح کیا ہے کہ میٹرز کی خرید و تنصیب متعلقہ ضوابط کے مطابق اور ISOسے تصدیق شدہ اداروں سے کی جاتی ہے ۔کے الیکٹرک کے ترجمان نے واضح کیا کہ ایسا کوئی طریقہ کار موجود نہیں جس کے ذریعے کسی اور جگہ سے ڈیجیٹل میٹرز کی ریڈنگ میں ردوبدل کیا جاسکے ۔اس حوالے سے کسی بھی قسم کے دعوے حقیقت کے برعکس ہیں۔کے الیکٹرک کے ترجمان نے یہ بھی واضح کیا کہ اسمارٹ میٹرز جدید ترین میٹرنگ سسٹم ہیں جنہیں ترقی یافتہ ممالک میں کسی اور جگہ سے میٹر ریڈنگ لینے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے تاکہ کسی بھی انسانی مداخلت کے بغیر خودکار بلنگ کو یقینی بنایا جاسکے ۔یہاں تک کہ بعض حقائق کے برعکس اسمارٹ میٹر کی ریڈنگ میں کہیں اور سے بیٹھ کرردوبدل نہیں کیا جاسکتا۔ بجلی کی قیمت کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے قائم ’’یکساں ٹیرف پالیسی‘‘ کے تحت کراچی سمیت پاکستان بھرمیں بجلی کے نرخ یکساں ہیں۔بجلی کے استعمال کے سلیب بھی ملک بھر میں لاگو ہوتے ہیں۔ کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی کے صارفین کیلئے ٹیرف یا ٹیکسز میں کسی قسم کاردوبدل نہیں کیا گیا ہے۔ اطلاق شدہ ٹیرف حکومت کی جانب سے لاگو کیا گیا ہے ۔مزید برآں،تمام بلنگ ریگولیٹری طریقہ کار اور قواعد کے مطابق کی جاتی ہے۔کے الیکٹرک نے بلنگ کیلئے دنیا کے صف اول کے سسٹمSAP IS-U کی تنصیب اور میٹر ریڈنگ کیلئے ہینڈ ہیلڈ ڈیوائس کے استعمال سمیت ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن پر نمایاں سرمایہ کاری کی ہے جو کارکردگی اور شفافیت کو یقینی بناتا ہے اور انسانی مداخلت کو ختم کرتا ہے۔کے الیکٹرک کی مالیاتی رپورٹنگ میں شفافیت کو متعدد قومی اورخطے کے اسٹیک ہولڈرز نے سراہا ہے۔پاور یوٹیلٹی اپنے ویژن اسٹیٹمنٹ ’انرجائزنگ کراچی(Energizing Karachi) ‘ پر پور ی طرح عمل کر رہا ہے اوربجلی چوری کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے ۔