نواز شریف کی باڈی لینگوئج آج احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر مثبت نظر آئی، نجی ٹی وی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) نجی ٹی وی دنیا نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی باڈی لینگوئج آج (جمعہ کو ) احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر مثبت نظر آئی۔
نجی ٹی وی نے لیگی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف احتساب عدالت میں پیشی کے دوران پرعزم نظرآئے جبکہ ان کی باڈی لینگوئج بھی مثبت نظر آئی۔ نوازشریف پارٹی کے متحد ہونے کے حوالے سے پراعتماد ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ احتساب کے عمل پر تحفظات کے باوجود نوازشریف قانونی جنگ لڑیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کے ججز نے ریمارکس دیے کہ کیس کرپشن کا نہیں ،پتہ نہیں کس لیے سزا بھگت رہا ہوں :نواز شریف
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نیب ریفرنسز میں آج (جمعہ کو) تیسری بار احتساب عدالت میں پیش ہوئے ، عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں نے سابق صدر آصف زرداری پر الزام عائد کیا کہ وہ کسی کو خوش کرنے کیلئے مجھے گالیاں دے رہے ہیں۔ پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف نے عدلیہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ ایسی عدلیہ کے حامی نہیں ہیں جو نظر یہ ضرورت ایجاد کر کے ڈکٹیٹر کی راہ ہموار کرے۔’توہین عدالت باہرنہیں بلکہ اندر سے بھی ہو سکتی ہے ،ہم نے عدلیہ کی آزادی کے لیے جدوجہد کی ،ڈکٹیٹر کو ہار پہنانے اور خوش آمدید کرنے والی عدلیہ کا حامی نہیں ہوں‘۔