زائد لاگت ، درآمدی خام مال پر زیادہ ٹیرف بر آمدی شعبہ کی کمزوریاں
اسلام آباد (یواین پی)وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے پاکستان کے شعبہ برآمدات میں کمزوریوں کی نشاندہی کردی جس کے مطابق زائد لاگت درآمد شدہ خام مال پر زیادہ ٹیرف متنوع مارکیٹ کی کمی شامل ہیں۔ پاکستان کے شعبہ برآمدات میں متنوع مصنوعات کی کمی کم پیداوار بھی کمزوریوں میں شامل ہے۔تاہم مالی سال 2018 میں برآمدات میں 13.7 فیصد اضافہ رجسٹرڈ کیا گیا جبکہ برآمدات 23 ارب 20 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔ ویلیو ایڈیشن کی کمی غیر مسابقتی پیداواری طریقہ کار اور نامناسب برانڈنگ و تصدیق ناموں کی وجہ سے پاکستان کو کم قیمتیں مل رہی ہیں۔ اس صورتحال سے نکلنے کے لئے اہم اقدامات بھی تجویز کئے گئے ہیں۔ پاکستان اور چین کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے کے دوسرے مرحلے پر گفت و شنید جاری ہے۔ پاکستان کی مرضی کی 20 برآمدی اشیا کو یکطرفہ طور پر انڈونیشیا کی منڈیوں تک رسائی دینے پر غور ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ 2023 تک سٹریٹجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک تشکیل دیا گیا ہے۔ قومی ٹیرف پالیسی کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔