چین ،سعودی عرب،یواے ای کے اقتصادی پیکیج سے معیشت مستحکم ہوگی‘شہباز اسلم

چین ،سعودی عرب،یواے ای کے اقتصادی پیکیج سے معیشت مستحکم ہوگی‘شہباز اسلم

لاہور (کامرس رپورٹر)ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس وانڈسٹری و سابق وائس چیئرمین فیروز پور روڈ انڈسٹریل اسٹیٹس (فرایا )شہباز اسلم نے کہا ہے کہ چین ، سعودی عرب اور متحدہ امارات کے اقتصادی پیکیج سے معیشت بہتر ہوگی اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا نیز حکومت کو معاشی بحران سے نکلنے میں مدد ملے گی،اقتصادی سرگرمیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے حکومتی سطح پر موثر اقدامات کیے جائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاؤنڈ ر چیئرمین عدنان بٹ،ارشد بیگ،تنویر احمد،حقیق احمد،شاہد بیگ اور دیگر صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شہباز اسلم نے کہا کہ سابق حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث ملک قرضوں کی دلدل میں جکڑ گیا ہے جس کے باعث روپے کی قدر میں کیم اور ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا جس کے منفی اثرات پٹرولیم مصنوعات میں ہوشربا اضافہ کی شکل میں ظاہر ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری میں اضافہ، غربت و مہنگائی میں کمی حکومتی ترجیحات میں شامل ہیں سی پیک کو ترجیحی بنیادوں پر تکمیل حکومتی عزم خوش آئند ہے سی پیک ترجیحی منصوبہ ہے،سی پیک روٹس پراقتصادی زونز کے قیام سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا جس میں تاجروں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات و مراعات فراہم کی جائیں ،تاکہ ملک میں نئی انڈسٹریز کا قیام اور روزگار کے وافر مواقع دستیاب ہوں اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہو۔

مزید : کامرس