حکومت کا رواں مالی سال کے دوران ٹیکس وصولی میں اضافے کے لئے ٹیکس کے شعبہ میں اصلاحات لانے کا فیصلہ
اسلام آباد (اے پی پی) حکومت نے رواں مالی سال کے دوران ٹیکس وصولی میں اضافے کے لئے ٹیکس کے شعبہ میں اصلاحات لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے دوران ٹیکس وصولی کا ہدف 4400 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے اور رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ایف بی آر نے 836 ارب روپے سے زائد کے محصولات جمع کئے ہیں۔ رواں مالی سال کے دوران بجٹ خسارے کو 5 فیصد سے کم سطح پر لانے کے لئے بھی مؤثر حکمت عملی وضع کی جا رہی ہے جو کہ 2017-18ء کے دوران 6.6 فیصد تھا۔ محصولات کی وصولی میں اضافے کے لئے نجی شعبہ اور کاروباری تنظیموں کو بھی اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے پاکستان میں رواں مالی سال کے دوران ٹیکس وصولی میں ریکارڈ اضافے کا امکان ہے۔