تاجر وصنعتکار برادری کامعیشت کی ترقی میں اہم کردار‘ میئراسلام آباد

تاجر وصنعتکار برادری کامعیشت کی ترقی میں اہم کردار‘ میئراسلام آباد

اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل کی قیادت میں چیمبر کے ایک وفد نے اسلام آباد کے مئیر شیخ انصر عزیز سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد میں چیمبر کے سینئر نائب صدر رفعت فرید، نائب صدر افتخار انور سیٹھی، سابق صدر محمد اعجاز عباسی، خالد چوہدری اور محمد حسین شامل تھے۔وفد سے خطاب کرتے ہوئے میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کی تاجروصنعتکار برادری معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پچاس فیصد سٹریٹ لائٹس کام کر رہی ہیں اور باقی ماندہ کو بھی جلد بحال کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں صفائی کا زیادہ تر نظام ٹھیکیداری پر ہے اور اس کو مزید بہتر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ٹریڈر ویلفیئر ایسوسی ایشن اپنی مارکیٹ میں پارکنگ کی سہولت تیار کرنا چاہتی ہے یا فلٹریشن پلانٹ از خود لگانا چاہتی ہے تو ان کو ایسے کاموں کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے اس موقع پر ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن اور ڈائریکٹر سینی ٹیشن کو ہدایات جاری کیں کہ وہ چیمبر کا دورہ کر کے تاجر برادری کے مسائل معلوم کریں۔

اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ گذشتہ کئی برس سے ٹریڈ لائسنس اور بورڈ ٹیکس کا تنازعہ چل رہا ہے جس کی وجہ سے تاجر برادری مسائل کا شکار ہے جبکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن بھی ریونیو سے محروم ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس بورڈ ٹیکس کیلئے ساٹھ روپے فی مربع گز ریٹ پر اتفاق کیا گیا تھا لیکن ایم سی آئی کی طرف سے اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بورڈ ٹیکس اور ٹریڈ لائسنس کے چالان فوری طور پر واپس لئے جائیں اور ان مسائل کا متفقہ حل نکالا جائے تا کہ تاجر برادری کی اس بنا پرمشکلات کم ہوں۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رفعت فرید، نائب صدر افتخار انور سیٹھی اور محمد اعجاز عباسی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تاجر برادری کے مسائل کے بہتر حل کیلئے مختلف تجاویز دیں۔

مزید : کامرس