دھرنوں کے باعث تھیڑ بند، فلموں کی شوٹنگ، ڈراموں کی ریکارڈ نگ متاثر

دھرنوں کے باعث تھیڑ بند، فلموں کی شوٹنگ، ڈراموں کی ریکارڈ نگ متاثر

لاہور(فلم رپورٹر)ملک میںآسیہ بی بی کے خلاف جاری دھرنوں اور ان کی وجہ سے راستوں کی بندش نے زندگی کے دیگر شعبوں کی طرح شوبز سے وابستہ افراد کو بھی بری طرح سے متاثرکیا ہے موجودہ صورتحال کے باعث فلموں اور ڈراموں کی شیڈول کے مطابق ریکارڈنگ اور شوٹنگ نہیں ہورہی اس کے ساتھ ساتھ تھیٹر بھی بند ہیں ۔ان حالات میں شوبز کا دیہاڑی دار طبقہ یعنی سپاٹ بوائے ،ہیلپر ،ڈانسربوائز ،ڈریس ماسٹر اور ساؤنڈ آپریٹر وغیرہ کو سب سے زیادہ نقصان برداشت کرنا پڑرہا کیونکہ کام نہ ہونے سے ان کو دیہاڑی ماری جارہی تین چار روز میں ہی ان کے گھروں میں فاقوں نے ڈیرے ڈال لئے ہیں ۔اس حوالے سے مزدور طبقے کا کہنا ہے کہ بڑے فنکار تو ان حالات میں گذارا کرسکتے ہیں لیکن ہم لوگ زیادہ عرصہ گذارا نہیں کرسکتے ہم روز کمانے اور کھانے والوں میں شامل ہیں۔ہماری دھرنا دینے والوں سے اپیل ہے کہ ہمارے گھر والوں اور بچوں کی بھوک اور پریشانی کے بارے میں کچھ خیال کریں تاکہ ہم بھی سکون کا سانس لے سکیں۔اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے سپاٹ بوائے نقاش نے بتایا کہ گھر میں روٹی نہ ہو تو انسان سب کچھ بھول جاتا ہے ہم تو تمام معاملات کو سمجھ سکتے ہیں لیکن ہمارے بچے کو ان باتوں سے کوئی سروکار نہیں ان کو تو روٹی چاہیے ہمارے ملک کو آئے دن ہونے والے احتجاج اور دھرنوں نے تباہ کردیا ہے۔ڈانسر بوائے ذیشان نے کہا کہ میری دعا ہے کہ تمام معاملات جلد از جلد ٹھیک ہوجائیں۔میک اپ آرٹسٹ شاہد چٹا ،جاوید لودھی ،گوگا ڈریس ماسٹرسمیت دیگر کا کہنا تھا کہ اس وقت سب بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں غریب اور مزدور طبقے کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔

ملک میں سب لوگ اپنے اپنے مفادات کی جنگ لڑرہے ہیں۔اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کو اپنے حفظ و امان میں رکھے یہ ملک ہے تو ہم ہیں اس کا نقصان ہمیں کسی صورت بھی منظور نہیں ملک دشمن عناصر کو پاکستان کی ترقی ایک آنکھ نہیں بھاتی۔ہمیں آئے دن کسی نئی مصیبت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

مزید : کلچر