رباب ہاشم ویب سریز کے مرکزی کردارمیں کاسٹ

رباب ہاشم ویب سریز کے مرکزی کردارمیں کاسٹ
 رباب ہاشم ویب سریز کے مرکزی کردارمیں کاسٹ

  

لاہور(فلم رپورٹر)ڈرامہ سیریل ’ ’تمہارے ہیں‘ ‘کی کامیابی کے بعد رباب ہاشم اور وجاہت رؤف ایک بار پھر یکجا ہورہے ہیں ویب سیریز کیلئے۔ رباب ہاشم اس نئی آنے والی سیریز میں مرکزی کردار ادا کریں گی جو کالج کی زندگی ، موسیقی سے محبت پر مشتمل ہے۔ اس سیریز میں مہوش حیات، اسد صدیقی اور اظفر رحمان بھی ادا کاری کے جوہر دکھائیں گے۔متعدد ٹی وی شو میں میزبانی اور بے شمار ڈرامہ سیریل کے بعد رباب ہاشم کی یہ پہلی ویب سیریز ہوگی جس کی وجاہت رؤف نے نہ صرف ہدایت کاری کی ہے بلکہ تحریر بھی کیا ہے۔

رباب پاکستان کی صف اول کی اداکارہ ہیں، انہوں نے شوبز میں بہت کم عمری میں قدم رکھا، رباب ہاشم نے چاہے سنجیدہ ہو یا مزاحیہ ہر طرح کے کردار میں اپنی منفرد اداکاری سے چار چاند لگائے۔رباب ہاشم نے بہت سے کامیاب ڈرامہ سیریلز میں بھی کردار ادا کئے جو مختلف چینلز پر نشر ہوئے جس میں ہم ٹی وی پر نشر ہونے والے زد، ایک تھی مثال، محبت خواب سفر، میں ماں نہیں بننا چاہتی۔اے آر وائی ڈیجیٹل پر تم سے مل کر اورتمہارے ہیں۔ اسی طرح جیو ٹی وی پر پیا من بھائے، مرضی اور منت سرفہرست ہیں۔رباب نے متعدد ٹی وی اور اسپورٹس شوز میں میزبانی کے فرائض انجام دئیے جس میں جیو سپر پر ’کھیلو اور جیتو‘ اور آئی سی سی ورلڈ ٹی 20کی خصوصی ٹرانسمیشن ’ٹی 20ورلڈ کپ‘ میں میزبانی شامل ہے۔ انہوں نے ایک طویل عرصہ ٹی وی ون کے پروگرام سوشل ڈائریز‘ کی بھی میزبانی کی ہے۔

مزید : کلچر