صوبائی وزیر صحت نے سرکاری ادویات اوپن مارکیٹ میں فروخت کرنے کا نوٹس لے لیا

صوبائی وزیر صحت نے سرکاری ادویات اوپن مارکیٹ میں فروخت کرنے کا نوٹس لے لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیر صحت خیبر پختونخوا ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے مبینہ طور پر سرکاری ادویات اوپن مارکیٹ میں فروخت کرنے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس عمل میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائے ۔محکمہ صحت سے جاری مراسلے کے مطابق وزیر صحت نے مبینہ طور پر سرکاری ادویات اوپن مارکیٹ میں فروخت کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کرنا قانونی جرم ہے اور اس میں ملوث افراد کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ جہاں پر بھی سرکاری ادویات پائی گئی تو نہ صرف میڈیکل سٹور مالک کیخلاف بلکہ محکمہ صحت کے متعلقہ افسران کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔ وزیر صحت نے صوبے کے تمام ہسپتالوں کے ڈائریکٹرز ، میڈیکل سپر نٹنڈنٹ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بازار میں سرکاری ادویات فروخت کرنا سرکاری عملے کی مدد کے بغیر ممکن نہیں ہے اسلیئے وہ ہسپتالوں میں سرکاری ادویات کی کڑی نگرانی کریں اور اسے بلیک مارکیٹ میں فروخت کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات اٹھائے بصورت دیگر ان کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔وزیر صحت نے کہا کہ مریضوں کی صحت سے کھیلنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا پاکستان تحریک انصاف کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔