مارخور شکار کیلئے پرمٹس 3لاکھ42 ہزارامریکی ڈالرز میں فروخت

مارخور شکار کیلئے پرمٹس 3لاکھ42 ہزارامریکی ڈالرز میں فروخت

پشاور( سٹاف رپورٹر)مارخور شکار کیلئے پرمٹس 3لاکھ42ہزارامریکی ڈالرز میں فروخت کر دیئے گئے، امسال مارخور کے کل4پرمٹس فروخت کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزشامی روڈ پر واقع چیف کنزرویٹر وائلڈلائف کے دفتر میں مارخور ٹینڈرکا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک کے مختلف شہروں سے شکاری کنسلٹنٹ کمپنیوں نے حصہ لیا۔ ٹینڈر چیف کنزرویٹروائلڈ لائف صفدرعلی شاہ کی سربراہی میں کھولا گیا ۔ ٹینڈر کے دوران صوبے کے 2اضلاع چترال و کوہستان میں واقع شکار گاہوں کیلئے پرمٹس فروخت کئے گئے۔ چترال میں واقع توشی ون گیم ریزروکا پرمٹ 91ہزار امریکی ڈالر ز، توشی ٹو گیم ریزرو کاپرمٹ90ہزار امریکی ڈالرز، گہریت گیم ریزرو کا پرمٹ 81 ہزار امریکی ڈالرز جبکہ کوہستان میں واقع کیگا گیم ریزرو کا پرمٹ 80ہزار امریکی ڈالرز میں فروخت کیا گیا۔ امسال مارخور پرمٹس سال2017کے مقابلے میں 20ہزار 7سوامریکی ڈالرزسے زائد میں فروخت کئے گئے کیونکہ پچھلے سال مارخورپرمٹس 3لاکھ 21ہزارڈالرز میں بیچے گئے تھے جس میں توشی ون کا پرمٹ85ہزار200امریکی ڈالرز،توشی ٹوکاپرمٹ85ہزار امریکی ڈالرز، گہریت کا پرمٹ76ہزار امریکی ڈالرز اورکیگا گیم ریزرو کا پرمٹ 75ہزار ایک سو امریکی ڈالرز میں باالترتیب فروخت کئے گئے تھے۔ یادرہے پرمٹس سے حاصل شدہ موصولات کا80فیصد حصہ چترال و کوہستان کی مقامی کمیونیٹیز کو دیا جاتا ہے جبکہ 20فیصد حصہ حکومت خیبر پختونخوا کے خزانے میں جمع کیا جاتا ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر