یہودی شرپسند پھر مسجد اقصی میں داخل ، مذہبی رسومات کی آڑ میں تاریخی مقدس مقام کی بے حرمتی

یہودی شرپسند پھر مسجد اقصی میں داخل ، مذہبی رسومات کی آڑ میں تاریخی مقدس مقام ...

مقبوضہ بیت المقدس (این این آئی)یہودی شرپسندوں کی طرف سے مسلمانوں کے قبلہ اول پر دھاوؤں اور مقدس مقام کی بے حرمتی کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز 45 یہودی شرپسندوں نے مسجد اقصیٰ میں داخل ہو کر مسلمانوں کے تاریخی مقدس مقام کی بے حرمتی کے اشتعال انگیز اقدام کا ارتکاب کیا۔اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز قبلہ اول پر دھاوے بولنے والے یہودی اشرار میں سات اسرائیلی فوجی شامل تھے۔ یہودی آباد کار مسجد اقصیٰ کے ’مراکشی دروازے‘ کے راستے صبح اور شام کے اوقات میں اندر داخل ہوتے اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں قبلہ اول کی بے حرمتی کرتے رہے۔اس موقع پر اسرائیلی فوج نے اور پولیس نے آباد کاروں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کر رکھی تھی۔عینی شاہدین نے بتایا کہ یہودی آباد کاروں نے مسجد میں گھس کر مذہبی رسومات کی ادائی میں اشتعال انگیز حرکات کا ارتکاب کیا۔ اس موقع پر یہودی عورتیں اور بچے بھی مسجد میں آئے ۔یہودی آباد کاروں کے ہمراہ ان کے مذہبی پیشوا اور ربی بھی موجود تھے جنہوں نے قبلہ اول میں داخل ہونے کے بعد وہاں پر مزعومہ ہیکل سلیمانی پر روشنی ڈالی اور یہودیوں کو تاکید کہ وہ مذہبی تعلیمات پرعمل پیرا رہتے ہوئے ہیکل سلیمانی کے قیام کیلئے کوششیں جاری رکھیں۔

مزید : علاقائی