قتل کے 2 مقدمات کے چالان سماعت کیلئے ایڈیشنل سیشن جج کومنتقل

قتل کے 2 مقدمات کے چالان سماعت کیلئے ایڈیشنل سیشن جج کومنتقل

لاہور(نامہ نگار)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور عابد حسین قریشی نے قتل کے 2مختلف مقدمات کے چالان سماعت کیلئے ایڈیشنل سیشن جج کو بھجوادیئے ہیں جس پر فاضل جج نے ملزموں کو طلبی کے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔سیشن جج کی عدالت میں تھانہ مناواں پولیس نے پراسیکیوشن کی وساطت سے ممتاز بیگم کے خلاف قتل کا چالان پیش کیا، ممتاز بیگم کے خلاف اس کی بہو آمنہ علی نے مقدمہ درج کرایا تھا کہ اس کے شوہرکے کپڑوں میں آگ اس کی ساس ممتاز بیگم نے لگائی ،عدالت میں پولیس نے پیش کئے گئے چالان میں ممتاز بیگم کو بے گناہ قرار دیا، پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کی گئی تو معلوم ہوا کہ جب وقوعہ ہوا اس وقت ممتاز بیگم علاقے میں پوتے کے پیدا ہونے پر چاول تقسیم کررہی تھی تاہم ممتاز بیگم کو خانہ نمبر دو میں رکھ کر چالان پیش کیا گیا،یہ مقدمہ سماعت کیلئے ایڈیشنل سیشن جج جاوید اشرف کو بھجوایا گیا ہے ،اسی طرح شالیمار کی طیبہ کے قتل کاچالان سماعت کے لئے بھجوایاگیا ہے، اس چالان میں سگے بیٹے نے بہن کے قتل کا ملزم اپنے باپ راحیل احمد کو قرار دیا ہے جس نے الزام لگایا کہ اس کی بہن کو گلہ دبا کر اس کے باپ نے قتل کیاہے ۔

مزید : علاقائی