2روزقبل اغواء ہونیوالی بچی اعوان ٹاؤن سے بازیاب ، 4ملزم گرفتار

2روزقبل اغواء ہونیوالی بچی اعوان ٹاؤن سے بازیاب ، 4ملزم گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر)گرین ٹاؤن انویسٹی گیشن پولیس نے 2روز قبل اغواء ہونیوالی تین سالہ معصوم بچی ماہ نور کو بازیاب کروا کر والدین کے سپرد کر دیا اور اس واردات میں ملوث چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دو روز قبل 3سالہ بچی کے اغواء کا مقدمہ بچی کے دادا عبدالستار کی مدعیت میں درج ہوا ۔ جس پر ایس پی صدر انویسٹی گیشن نے واقعہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے انچارج انویسٹی گیشن گرین ٹاؤن وجیہ الحسن اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم تشکیل دی اس نے سی سی ٹی وی کیمروں، جیو فینسنگ اور جدید آلات کا استعمال کرتے ہوئے 48گھنٹوں میں بچی کو سبزہ زار کے علاقے اعوان ٹاؤن سے بازیاب کروا کر چاروں ملزمان مسماۃ غلام فیضاں، مسماۃ زیبا سلیم، مسماۃ فاخرہ اور فہد سلیم کو گرفتارکر لیا ہے۔ پولیس نے ماہ نور کو والدین کے سپرد کر دیا ہے جنہوں نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ۔ ایس پی صدر انویسٹی گیشن راشد ہدایت نے سفاک ملزموں کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹس کا اعلان کیا ہے۔

مزید : علاقائی