دودھ کی آڑمیں ڈیری ڈرنکس کی فروخت پر پابندی ،غذائیت آگا ہی مہم چلانے کا فیصلہ

دودھ کی آڑمیں ڈیری ڈرنکس کی فروخت پر پابندی ،غذائیت آگا ہی مہم چلانے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( کامرس رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ذائقے دار دودھ کے نام پر بننے والی ڈیری ڈرنکس پر مکمل پابندی عائد کر دی ،پابندی کا اطلاق فلیور زدہ ڈیری ڈرنک (ذائقے دار دودھ)کی تمام مصنوعات پر ہو گا ۔اس حوالے سے ڈی جی فوڈ پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان نے بتایا کہ کمپنیوں کو گزشتہ سٹاک 5 دسمبر تک ختم کرنے کی ڈیڈ لائن جاری کر دی گئی ہے۔ پابندی سائینٹفیک پینل کی مکمل تحقیق کے بعد عائد کی گئی ہے۔ فلیورڈ ملک کے نام پر فروخت ہونے والی ڈیری ڈرنکس کو بچے دودھ سمجھ کر پیتے ہیں ۔کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ ڈیری ڈرنکس میں استعمال ہونے والے دودھ میں سے غذائیت والے اجزا نکال لیے جاتے ہیں۔ڈیری ڈرنکس دودھ سے صحت مند فیٹ اور کریم نکالنے کے بعد مصنوعی اجزا شامل کر کے بنائے جاتے ہیں۔ ڈیری ڈرنکس کو دودھ کہہ کر بیچنا سرا سر دھوکہ دہی ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ 5دسمبر 2018ء کے بعد ڈیری ڈرنک بنانے، سٹور اور فروخت کرنے پر مکمل پابندی ہو گی ۔بزنس ایڈجسٹمنٹ ٹائم کے بعد ہدایات پر عمل نہ کرنے والی پراڈکٹس موقع پر ضائع کر دی جائیں گی۔پنجاب فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2011ء کی تحت تمام کمپنیوں کو ہدایت نامہ جاری کیا جا چکا ہے۔ عوام سے گزارش ہے کہ بچوں کو مصنوعی اور بازاری اشیا کم سے کم استعمال کروائیں۔گھر کی بنی اشیا ہی بچوں کی نشوونما کے لیے بہترین خوراک ہیں۔دریں اثناء ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے عوام کے لیے آن لائن لائیو نیوٹریشن آوئرنس پروگرام چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیس بک پیچ پر خوراک اور غذائیت سے متعلقہ مسائل پر براہ راست پروگرام پیش کیے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے عوام کو اپنی صحت برقرار رکھنے کیلئے’’ کیا کھائیں اور کیا نہ کھائیں‘‘ کیلئے آن لائن لائیو نیوٹریشن آوئرنس پروگرام چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ غذا اور غذائیت کے حوالے سے عوام کومفت مشورے بھی فراہم کیے جائیں گے۔کوالیفائیڈ نیوٹریشن ایکسپرٹ رائے دینے کے لیے فیس بک پر لائیو موجود ہوں گے۔کیپٹن (ر)محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ فوڈ بزنس آپریٹرز کی آگاہی کے لیے آپریشن ٹیموں کی کاروائیاں بھی وقتا فوقتابراہِ راست دکھائی جائیں گی ۔گھریلو سطح پر کھانے کا کاروبار کرنے والوں کے لیے ہدایت نامہ جاری کیا جائے گا۔فیس بک پیج پرخواتین کو گھر کا باورچی خا نہ حفظانِ صحت اصولوں کے مطابق چلانے کے لیے بھی راہنمائی دی جائے گی۔ ہفتہ بھر کے لیے عوام کوسستے اورصحت مند کھانوں کی فہرست پر مبنی "مائی مینیو"پروگرام چلایا جائے گا۔
فوڈ اتھارٹی