صفائی آپریشن معطل، اہم سرکاری عمارتیں ، شاہرا ہیں اور گلی محلے گندگی سے بھرگئے

صفائی آپریشن معطل، اہم سرکاری عمارتیں ، شاہرا ہیں اور گلی محلے گندگی سے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جاوید اقبال‘ شہزاد ملک ) سڑکوں کی بندش سے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا آپریشن بندہونے سے شہر کے گلی کوچوں ،مین شاہراہوں، ایوان وزیراعلیٰ، اسمبلی ہال سمیت مارکیٹوں میں ہر طرف گندگی کے ڈھیر جمع ہیں جسے کئی روز سے نہیں اٹھایا گیا آبادیوں میں بھی کوڑے کے ڈھیر جمع ہیں جس سے ہر طرف بدبو اور تعفن پھیلا ہوا ہے ۔تفصیلات کے مطابق مذہبی جماعتوں کی طرف سے شہر میں جگہ جگہ دھرنوں اور سڑکیں بند کرنے سے صفائی کا نظام ٹھپ ہو گیا ہے اور کمپنی نے کوڑا اٹھانے کاآپریشن مکمل طور پر بند کررکھا ہے اور گاڑیاں زیر زمین کردی ہیں جس سے شہر گندگی کے ڈھیروں میں تبدیل ہو گیا ہے ۔بتایا گیا ہے کہ گزشتہ پانچ روز سے شہر میں صفائی کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے گلی محلوں میں نہ تو صفائی کی جارہی ہے اور نہ ہی کوڑا اٹھایا جارہا ہے رپورٹ کے مطابق لوگ اپنے گھروں کا کوڑا خود اٹھا کر اپنے اپنے محلوں میں بنائے گئے کوڑے دانوں میں پھینک رہے ہیں اس کوڑے کو کمپنی نہیں اٹھا رہی جس سے یہ کوڑے کے پہاڑ بن گئے ہیں یہاں تک کے نوے شاہراہ قائد اعظم جہاں بلدیات کے سر براہ سینئر صوبائی وزیر کا دفتر بھی قائم ہے اس کے باہر بھی گندگی کا بڑا ڈھیر محکمے کی کارکردگی کا منہ چڑا رہا ہے ۔اسی طرح پنجاب اسمبلی کے باہر بھی گندگی کا بڑا ڈھیر محکمے کی کار کردگی کو عیاں کررہا ہے میٹرو بس کے ٹریک کے اندر جگہ جگہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ۔داتا دربار کے قرب و جوار میں ہر طرف گندگی جمع ہے ۔شمالی لاہور پورے کا پورا گندگی کی نرسریوں میں تبدیل ہو چکا ہے ریلوے سٹیشن کے سامنے بھی ہر طرف کوڑا کرکٹ پھیلا ہوا ہے ۔اس حوالے سے ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ فرخ عطاء بٹ سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ مذہبی جماعتوں نے جگہ جگہ سے سڑکیں بند کر رکھی ہیں اگر گاڑیاں کوڑا اٹھانے کے لئے نکالیں تو وہ ان کو بھی آگ لگانے کی کوشش کرتے ہیں اس لئے حفاطتی تدابیر کے پیش نظر عارضی طور پر یہ آپریشن کچھ سست روی کا شکار ہے سڑکیں کھلتے ہی راتوں رات کوڑا اٹھا دیں گے۔
ویسٹ کمپنی