قرآنی انسائیکلو پیڈیا کی تقریب رونمائی 26نومبر کو ہو گی

قرآنی انسائیکلو پیڈیا کی تقریب رونمائی 26نومبر کو ہو گی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(سٹی رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ عالم اسلام کے جامع قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تقریب رونمائی 26 نومبر کو ایوان اقبال لاہور میں ہو گی، یہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا 5 ہزار سے زائد موضوعات اور 8 ضخیم جلدوں پر مشتمل ہے، اس عظیم علمی، تحقیقی اور قرآنی علوم کو عام کرنے کے کام کی سعادت اللہ رب العزت نے قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہرالقادری کو بخشی ہے،یہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا موجودہ صدی کی بلند پایہ تحقیق اور آئندہ نسلوں کیلئے قرآن فہمی کے ضمن میں ایک بیش قدر علمی،تحقیقی کاوش ہے وہ گزشتہ روز قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تقریب رونمائی کے انتظامی اجلاس کے موقع پر منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں سے گفتگو کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ یہ انسائیکلوپیڈیا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی نصف صدی کے مطالعہ اور محنت شاقہ کا نتیجہ ہے، قرآن مجید، اللہ کا کلام اور قیامت تک کیلئے ذریعہ ہدایت و نجات ہے، اس قرآنی انسائیکلوپیڈیا کا یہ امتیاز ،خصوصیت اور اعزاز ہے کہ قرآن مجید کے اندر حقوق اللہ، حقوق العباد، عقائد، ایمانیات، دنیاوی معاملات،آخرت،زمین و آسمان کی تخلیق،جنت و دوزخ کی حقیقت،قصص الانبیا، تخلیق آدم، اخلاق و اقدار، حلال و حرام کا بیان،اقلیتوں، خواتین کے حقوق و فرائض، چرند، پرند، حیوانات کی تخلیق،فلکیات، نباتات، جمادات، گزشتہ امتوں کے احوال اور پیغمبران خدا کی تعلیم وتبلیغ اور دعوت توحید سے متعلق جتنے بھی موضوعات زیر بحث آئے ہیں قاری کی سہولت کے لیے ان کی ایک فہرست ترتیب دے دی گئی ہے، صرف موضوعات کی فہرست 400صفحات پر مشتمل ہے، ہدایت کا متلاشی اور کلام اللہ کی تفہیم کا طالب ازخود اس فہرست کی مدد سے مطلوبہ آیات اور احکامات ربانی تک رسائی اور رہنمائی حاصل کر سکے گا،انہوں نے کہا کہ یہ قرآنی انسائیکلوپیڈیااسلامیات کے ریسرچ سکالرز،علماء، مشائخ،اساتذہ،بین المذاہب تاریخ کے محققین،علوم دینیہ کے طالب علم، خواتین و حضرات، بالخصوص نوجوانوں اور ہر عمر اور ہر طبقہ کے افراد کیلئے مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے،نیز ہر سطح کی علمی استعداد رکھنے والوں کے لیے بھی اس قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی حیثیت ایک کامل استاد کی ہے