حضورؐ سے محبت پر سمجھوتہ نہیں کرینگے ، ہر مسئلے میں فوج کو گھسیٹنا افسوسناک ، بلاوجہ تنقید بند نہ ہوئی تو آئینی حق استعمال کرینگے : میجر جنرل آصف غفور
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ) ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ آسیہ بی بی کا کیس قانونی معاملہ ہے اور ہر مسئلے میں فوج کو گھسیٹنا افسوسناک ہے،بہتر ہوگا کہ آسیہ مسیح کے معاملے میں قانونی عمل کو مکمل ہونے دیا جائے، پاک فوج کے خلاف باتوں کو بڑے عرصے سے برداشت کر رہے ہیں، آئین اور قانون کے مطابق ایکشن ہوسکتا ہے ، اگر فوج پر بلاوجہ تنقید نہ روکی گئی تو فوج اپنا آئینی حق استعمال کرے گی ،لیکن کوشش کی جائے کہ وہ نوبت نہ آئے کہ پاک فوج کو ایکشن لینا پڑے،آئین اور قانون کے احترام کیساتھ فوج کیخلاف بیانات سے گریز کیا جائے، ہم دہشت گردی کیخلاف جنگ جیتنے کے قریب ہیں اور ہماری توجہ نہ ہٹائی جائے۔ جمعہ کو سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ آسیہ بی بی کا کیس گزشتہ 10برس سے عدالتوں میں چل رہا ہے اور یہ قانونی معاملہ ہے، بہتر ہوگا کہ آسیہ مسیح کے معاملے میں قانونی عمل کو مکمل ہونے دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی خواہش ہے کہ امن و امان کی صورتحال خراب کیے بغیر معاملات حل ہوجائیں، آئین اور قانون کی حد بندیاں دی گئی ہیں، جس کا احترام کرنا چاہیے۔ پاک فوج کے خلاف باتوں کو بڑے عرصے سے برداشت کر رہے ہیں، آئین اور قانون کے مطابق ایکشن ہوسکتا ہے لیکن کوشش کی جائے کہ وہ نوبت نہ آئے کہ پاک فوج کو ایکشن لینا پڑے۔انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں امن و محبت کا درس دیتا ہے، ہمیں اسلامی تعلیمات کو نہیں چھوڑنا چاہیے، تمام مسلمانوں کا رسولؐ سے محبت کا رشتہ ہے، حضوؐ کی محبت کے رشتے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف مذہبی جماعتوں نے دھرنا دیا جبکہ حکومت کی جانب سے مظاہرین سے بات چیت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور آئی ایس آئی کے نمائندے اس وفد میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان دہشت گردی کے خاتمے میں مصروف ہے، دہشت گردی کیخلاف جنگ جیتنے کے قریب ہیں، ہماری توجہ نہ ہٹائی جائے، ہم سب متحد ہوں گے تو ملک آگے جائے گا۔
میجر جنرل آصف غفور