مولانا سمیع الحق کی شہادت کسی سازش کا شاخسانہ ، حکومت قاتلوں کو فوری گرفتار کرے :علمائے کرام
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جمعیت علماء اسلام(س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کو قاتلانہ حملہ میں شہید کئے جانے پرتحریک منہاج القرآن کے بانی ڈاکٹر طاہر القادری نے مولانا سمیع الحق کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا سمیع الحق کی شہادت سے ملک نامور عالم دین اور مدبر سیاستدان سے محروم ہو گیا ہے۔مولانا سمیع الحق کا قتل ملک کو بد امنی کی جانب لیجانے کی مذموم سازش ہے جسکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ مولانا سمیع الحق کے قتل کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کی جائیں،حملہ آوروں اور انکے سرپرستوں اورملوث دہشتگرد عناصر کو فی الفور گر فتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے مولانا سمیع الحق کے بیٹے مولانا حامد الحق اور دیگر سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انکی مغفرت اور سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔سربراہ جے یو آئی (ف )مولانا فضل الرحمان نے مولانا سمیع الحق کے جاں بحق ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔وزیراعظم مولانا سمیع الحق پر حملے کی فوری تحقیقات کروا کر ذمے داران کا تعین کریں ۔ 8 سال دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں تعلیم حاصل کی وہاں سے دیرینہ ایک تعلق ہے، اس رشتے کو کبھی بھلا نہیں سکتا۔ اختلاف کے باوجود ان کے ساتھ ایک محبت کا رشتہ قائم تھا اور ان کے خاندان کے ساتھ بھی یہ تعلق قائم رہے گا۔ا میر جماعت اسلامی سراج الحق نے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا سمیع الحق کی شہادت نے سیکیورٹی صورتحال کی قلعی کھول دی ہے۔ حکومت دہشت گردوں کو فوری گرفتار کرے، مولانا سمیع الحق کی دینی اور سیاسی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ حکومت مولانا سمیع الحق کو شہید کرنے والے دہشت گردوں کو فوری گرفتار کرے۔ان کی کی شہادت کسی سازش کا شاخسانہ لگ رہی ہے۔امیر جماعۃالدعوۃ پروفیسر حافظ سعید، حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا امیر حمزہ،شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے وطن عزیز پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی بین الاقوامی سازش کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مولانا سمیع الحق نے پوری زندگی اسلام اور پاکستان کے دفاع کیلئے بھرپور کردارادا کیا اور جب بھی کبھی مشکل وقت پیش آیا انہوں نے ملک بھر کی سیاسی و مذہبی قیادت کو جمع کیا اور تحریک چلاتے ہوئے قوم کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیا۔ ان کا دل ہمیشہ پاکستان کیلئے دھڑکتا تھا ۔ ان کی شہادت سے صرف پاکستانی قوم ہی نہیں پوری امت مسلمہ کو شدید صدمہ پہنچا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ ان کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرے اور وطن عزیز پاکستان کیخلاف گہری سازش کا پردہ چاک کیا جائے۔ انہوں نے مولانا سمیع الحق کیلئے دعائے مغفرت کی اور کہاکہ پوری پاکستانی قوم ان کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کی جانب سے بھی مولانا سمیع الحق کے قتل کی مذمت کی گئی ہے۔ سیکرٹری جنرل علامہ عارف واحدی نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کی مذہبی، سیاسی خدمات قابل تحسین ہیں۔سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور نے دہشتگردی کی سفاکانہ واردات میں ملوث شر پسند عناصر کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
علمائے کرام