مولانا سمیع الحق کا قتل ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش ہے : فواد چودھری

مولانا سمیع الحق کا قتل ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش ہے : فواد ...

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مولانا سمیع الحق کا قتل پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی مذموم سازش ہے، قوم اپنے اتحاد اور یکجہتی سے دشمن کی اس گھناؤنی سازش کو ناکام بنائے گی، مولانا سمیع الحق پر حملہ کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔مولانا سمیع الحق کا پاکستانی سیاست اور پاکستان میں موجود مدارس کے حوالے سے ایک بہت بڑا نام ہے جبکہ وہ موجودہ حکومت کے اتحادی بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحہ کی ابتدائی تحقیقات جاری ہیں اور کمشنر راوالپنڈی سمیت سی سی پی او بھی فوری طور پر سفاری ولاز پہنچے جو تحقیقات کو مزید آگے بڑھا رہے ہیں، اس لیے اس بارے میں ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں جو کچھ ہو رہا ہے اس میں بین الاقوامی عناصر کے عمل دخل کو مسترد نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات لوگوں کو پتہ بھی نہیں ہوتا مگر وہ کسی کے ہاتھوں استعمال ہو رہے ہوتے ہیں اور اس طرح کے حالات کا غیر ملکی ایجنسیاں یقینی طور پر فائدہ اٹھاتی ہیں۔

فواد چودھری

مزید : صفحہ اول