معاملا ت تدبر اور تحمل سے حل کرنا چاہتے ہیں ، علما ئے کرام تعاون کریں : عثمان بزدار
لاہور (جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ موجودہ حالات غیر معمولی اقدامات کے متقاضی ہیں لہٰذا اہم مقامات کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کیساتھ ساتھ وضع کردہ سکیورٹی پلان کے تحت ضروری اقدامات کئے جائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نیصوبے میں امن عامہ کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں حالیہ واقعات کے تناظر میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں امن وامان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیااورعوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرامن فضا یقینی بنانا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اورصوبے میں امن و امان کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے ۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ معاملات تدبر اور تحمل سے حل ہوں اوراس کیلئے ہماری کوشش ہے کہ افہام و تفہیم کے ساتھ معاملات کو آگے بڑھایا جائے اور اس مقصد کیلئے علمائے کرام، مشائخ عظام اور مذہبی جماعتوں کے رہنما قومی مفاد میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔دریں اثناء محکمہ ٹرانسپورٹ کے امور اور کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سپیڈوبسوں کا دائرہ کارجنوبی پنجاب کے دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا لہٰذا محکمہ ٹرانسپورٹ اس ضمن میں فزیبلٹی رپورٹ تیار کر کے جلد پیش کرے۔ اجلاس کے دوران لاہور میں چلنے والی سپیڈوبسوں میں مسافروں کی تعداد بڑھانے کے حوالے سے تجاویز کاجائزہ لیا گیا۔اجلاس میں تجویز دی گئی کہ لاہور میں چلنے والی سپیڈو بسوں میں کارڈ کے بغیربھی مسافروں کو سفر کی اجازت دی جائے او رکرایہ بس میں سوار ہونے کے بعد وصول کیاجائے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ سپیڈوبسوں میں مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہونا چاہیے او راس ضمن میں مختلف تجاویز کاجائزہ لیکر جلد حتمی شکل دی جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایک بیان میں مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و ستم کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ریاستی دہشت گردی کرکے بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب