تحریک لبیک کے رہنما ؤں کیخلاف اندراج کیلئے ہائی کورٹ میں درخواست دائر

تحریک لبیک کے رہنما ؤں کیخلاف اندراج کیلئے ہائی کورٹ میں درخواست دائر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (نامہ نگارخصوصی)تحریک لبیک پاکستان کے صدرخادم حسین رضوی اور مرکزی راہنماپیر افضل قادری کے خلاف مقدمات کے اندراج ،ان تقاریرپر پابندی اوراحتجاج کے خاتمے کے لئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔یہ درخواست عنداللہ ملک ایڈووکیٹ کی طرف سے دائر کی گئی ہے جس میں پنجاب حکومت،مذکورہ دونوں راہنماؤں، پیمرا،پاکستان ٹیلی کیمیونیکیشن اتھارٹی اور پریس کونسل پاکستان کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزار کا موقف ہے کہ آسیہ کیس کے فیصلے کے بعدسے تحریک لبیک پاکستان نے پرتشدد احتجاجی تحریک اور مظاہرے شروع کر رکھے ہیں جن سے لوگوں کے بنیادی حقوق متاثر ہورہے ہیں۔ لوگوں کی زندگیوں، کاروبار،حق نقل وحرکت اورتعلیم وغیرہ کو شدید خطرات لاحق ہیں۔خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری اشتعال انگیز تقریریں کر رہے ہیں حتیٰ کہ چیف آف آرمی سٹاف ،وزیراعظم اور کیس کا فیصلہ کرنے والے ججوں کو بھی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ تین دنوں میں ملکی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچ چکا ہے۔مال روڈ پر احتجاجی جلوس نکالنے پر پابندی ہے ،دفعہ144 بھی نافذ ہے۔ تحریک لبیک کے مدعا علیہ راہنما فوجداری جرائم کے مرتکب ہوئے ہیں ان کے اور ان کے ساتھیوں کیخلاف مقدمات درج کرنے کا حکم دیا جائے،احتجاج ختم اور عوام کے بنیادی حقوق کاتحفظ یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی جائے،درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ میڈیا کو تحریک لبیک پاکستان کے راہنماؤں کی اشتعال انگیز تقاریر نشر اور شائع کرنے سے روکا جائے۔

مزید :

صفحہ آخر -