ہائیکورٹ نے ضلعی انتظامیہ کو مزنگ میں 9نومبر تک گھروں کی مسماری سے روک دیا

ہائیکورٹ نے ضلعی انتظامیہ کو مزنگ میں 9نومبر تک گھروں کی مسماری سے روک دیا

لاہور (نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے مزنگ میں باغ گل بیگم میں گھروں کی مسماری روکنے کیلئے درخواست پر ضلعی انتظامیہ کو گھروں کی مسماری سے 9 نومبر تک روک دیا ہے ۔جسٹس علی اکبر قریشی نے پیر فاخر شاہ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی طرف سے وکلا ء شاہد مقبول شیخ اور صفدر شاہین پیرزادہ نے پیش ہوکر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے باغ گل بیگم میں 13 گھروں کی مسماری کا حکم دے رکھا ہے، جس پر ضلعی انتظامیہ نے گھروں کی مسماری کے لئے نوٹس بھجوائے دیئے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گھروں کی مسماری کا خدشہ ہے ،درخواست گزار کے وکلا ء نے کہا کہ فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنا چاہتے ہیں،عدالت عالیہ کے فیصلے کے خلاف اپیل میں جانے تک مہلت ملنی چاہیے ، درخواست گزار کی طرف سے عدالت سے گھروں کی مسماری روکنے کی استدعا کی گئی، جس پر عدالت نے ضلعی انتظامیہ کو 9 نومبر تک گھروں کی مسماری سے روک دیا۔

باغ گل بیگم، مسماری

مزید : صفحہ آخر