پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے سموگ کی شدت میں نمایاں کمی
لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں جمعرات و جمعہ کی درمیانی ہونے والی بارش سے سموگ کی شدت میں نمایاں کمی ہو گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ تین روز تک جاری رہے گا۔ جمعرات کی شام سے مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، کوہاٹ، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ سرگودھا اور ساہیوال ڈویڑن میں چند مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔ آج بروز ہفتہ ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہیگا۔ تاہم مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں اور راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ ڈویژن اور اسلام آباد میں چند مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔
موسم