پیپلزپارٹی نے ہمیشہ تنقید برائے اصلاح کی سیاست کو فروغ دیا ،قمر زمان کائرہ

پیپلزپارٹی نے ہمیشہ تنقید برائے اصلاح کی سیاست کو فروغ دیا ،قمر زمان کائرہ

لاہور( نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے قدم بڑھاؤ وزیراعظم عمران خان ہم تمہارے ساتھ ہیں بیان کو بھرپور سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایک مرتبہ پھر اپنے عمل سے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ ملک کی ایک بڑی سیاسی جماعت کے لیڈر ہیں اور حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہیں اس وقت ضرورت اسی امر کی ہے کہ مل جل کر ملک کو مشکل حالات سے نکالا جائے اور کوئی بھی ایسا کام نہ کیا جائے کہ جس کی وجہ سے جمہوریت کو ذرا سا بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو ۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ‘ جنرل سیکرٹری پنجاب چودھری منظور احمد‘ سنیئر نائب صدر پنجاب اسلم گل ‘ لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن ‘ سنیئر نائب صدر اشرف بھٹی اور میاں محمد ایوب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے قائدین آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ ملکی سیاسی حالات کو سامنے رکھ کر ہی سیاست کی ہے انہوں نے کبھی بھی تنقید برائے تنقید کی سیاست نہیں کی بلکہ تنقید برائے اصلاح کی سیاست کو فروغ دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آپ سب کو یاد ہو گا کہ جب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسمبلی میں اپنی پہلی تقریر کی تھی تو اس وقت بھی ان کی تقریر کو پیپلز پارٹی مخالف تمام سیاسی جماعتوں نے سراہا تھا اور اب بھی ان کے اسمبلی کے گزشتہ روز کے بیان کو حکمران جماعت سمیت سب مخالف سیاسی جماعتوں نے سراہا ہے اور ہم بھی یہ سمجھتے ہیں کہ موجودہ حالات کا یہی تقاضہ ہے کہ ذاتی سیاست کی بجائے ملکی مفاد کو سامنے رکھ کر سیاست کی جائے پوری کی پوری پارٹی کے کارکنان اپنے قائدین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہم اپنی لیڈر شپ پر بھرپور اعتماد کااظہار بھی کرتے ہیں۔

قمر زمان کائرہ

مزید : صفحہ آخر