آسیہ بی بی رہائی کیخلاف مذہبی جماعتوں کا 8نومبر کو کراچی میں ملین مارچ کا اعلان

آسیہ بی بی رہائی کیخلاف مذہبی جماعتوں کا 8نومبر کو کراچی میں ملین مارچ کا ...

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)سینیٹر مولانا عبد الغفور حیدری نے سپریم کورٹ فیصلے کیخلاف کراچی میں8نومبر کو ملین مارچ کر نے کا اعلان کرتے ہوئے کہا آسیہ بی بی کو بری کیا جانا انصاف کا قتل ہے،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن)نے سپریم کورٹ فیصلے پرمنافقانہ رو ش اپنائی، نام نہاد لبرل سیاستدانوں کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آگیا ہے، سپریم کورٹ فی الفور اپنا فیصلہ معطل کرے، حکومت آسیہ بی بی کا نام ای سی ایل لسٹ میں ڈالے اور جن ججوں نے آسیہ بی بی کا فیصلہ دیا ہے ان کو فی الفور برطرف کیا جائے، توہین عدالت پر تو سز ا ہے لیکن توہین رسالت پر نہیں ، حکومت نے ہمارے مطالبات نہ مانے تو حالات کی ذمہ دار حکومت خود ہوگی۔ سپریم کورٹ کے متنازعہ فیصلے کیخلاف پورے ملک میں احتجاج کیا جا رہا ہے۔چیٖف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے بعد ازاں اپنے بیان میں وضاحت دینے کی کو شش کی کہ وہ بھی عاشق رسول ؐ ہیں، ہمیں ان کے عاشق رسولؐ ہونے میں کوئی شق نہیں ،آسیہ بی بی کو ٹرائل کورٹ نے گواہوں اور آسیہ بی بی کے اعترافی بیان کے بعد توہین عدالت کے جرم میں سزائے موت سنائی۔ فیصلے کیخلاف لاہور ہائی کورٹ میں اپیل کی گئی جس نے کیس کی سماعت کے بعد سزائے موت کو برقرار رکھا۔ بعد ازاں فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی لیکن مقدمے کو چار سال زیر التوا ر کھا اور انصاف کا خون کیا گیا۔ اب تحریک انصاف کی حکومت بنی تو یہ مقدمہ ان کے حوالے کیا گیاہے۔ہمیں حکومت سے امید تھی مقدمے میں انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے لیکن حکومت نے عدلیہ کیساتھ ملکر انصاف کا خون کیا اور آسیہ بی بی کو بری کرنے کا فیصلہ دیا ۔ان سیاسی رہنماؤ ں پر بھی افسوس ہے جو سپریم کورٹ کے فیصلے کیساتھ کھڑے ہیں، حالانکہ پوری قوم نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول نہیں کیا۔ پورا ملک احتجاج کے تحت بند ہے لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی۔ایسا لگتا ہے حکومت یہودی لابی کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔جماعت اسلامی ، جمعیت علما اسلام اور دیگر مذہبی جماعتیں 8نومبر کو کراچی میں سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف ملین مارچ کریں گی جس کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلا سکتے ہیں۔عمران خان کو اب پتہ چلے گا کہ احتجاج کرنیوالا گروہ چھوٹا ہے یا بڑا۔

ملین مارچ اعلان

مزید : صفحہ آخر