لیوی فورس فرائض کی انجام دہی سے پہلو تہی نہ کریں ،اے سی عباس

لیوی فورس فرائض کی انجام دہی سے پہلو تہی نہ کریں ،اے سی عباس

ہنگو( بیورورپورٹ)لیوی فورس اپنی ذمہ داریاں انتھک محنت، لگن اور جانفشانی سے اداکریں۔اسسٹنٹ کمشنر کلایہ ضلع اورکزئی کے لوئر سب ڈویژن کلایہ کے نوتعینات اسسٹنٹ کمشنر عباس خان آفریدی نے کہاہے کہ قبائلی علاقوں کے صوبہ خیبر پختونخوا میں انضمام کے بعد لیوی فورس کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں لہٰذا وہ اپنی ذمہ داریاں انتھک محنت، لگن اور جانفشانی سے اداکریں اور عوام کے توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ضلع اورکزئی کے کلایہ ہیڈکوارٹر میں لیوی فورس کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرتحصیلدارکلایہ، لیوی فورس کے حکام اور دیگر متعلقہ افراد موجود تھے۔اسسٹنٹ کمشنر کا کہناتھا کہ قبائلی عوام ہمیشہ ریاست کے وفادار رہے ہیں اور جب بھی ریاست کو ان کی ضرورت پڑی ہے تو انہوں نے لبیک کہاہے اسی طرح دہشت گردی کے خلاف حالیہ جنگ میں بھی ان کی بیش بہا قربانیاں ناقابل فراموش ہیں جنہیں حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔عباس آفریدی نے جوانوں پر زور دیاکہ وہ عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور ان کے ساتھ خوش اخلاقی اور خندہ پیشانی سے پیش آئیں۔لیوی فورس سے مخاطب ہوکر ان کا کہناتھاکہ صوبائی حکومت کوان کے مسائل و مشکلات کاپوری طرح ادراک ہے لہذا وہ انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔اسی طرح لیویزکو جدید آلات سے بھی لیس کیا جائے گا۔قبل ازیں لیوی فورس کے چاک و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا اور انہیں سلامی دی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر