رواں شوگر کرشنگ سیزن کیلئے گنے کاریٹ مقرر کرنے کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا : نعمان افضل آفریدی

رواں شوگر کرشنگ سیزن کیلئے گنے کاریٹ مقرر کرنے کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا : نعمان ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر نعمان افضل آفریدی نے کہا ہے کہ شوگر کرشنگ سیزن 15سے 20نومبرکے درمیان شروع کر کے شوگر ملز مالکان بروقت اقدامات اٹھاتے ہوئے زمینداروں سے ملاقات کر کے مفاہمت اور سازگار ماحول کو فروغ دیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج اپنے دفتر میں شوگر ملز مالکان اور گنے کے کاشتکاروں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز، شوگر ملز انتظامیہ ، ایوان زراعت کے عہدیداروں ، نمائندوں اور گنے کے کاشتکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر شوگر ملز انتظامیہ کی طرف سے اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں شوگر کرشنگ سیزن کیلئے گنے کا ریٹ مقرر کرنے کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا ابھی تک ریٹ مقرر کرنے میں چند مسائل درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 180روپے فی من مقرر ہونے کے باوجود بھی ریٹ کے سلسلے میں بڑی رکاوٹیں پیش آئیں۔اس موقع پر زمینداروں نے کہا کہ شوگر ملز انتظامیہ کا رویہ زمینداروں کے ساتھ نامناسب ہوتا ہے چاہے ریٹ مقرر کرنا ہو، انڈنٹ و سی پی آر کی فراہمی یا ادائیگی کا موقع ہو۔شوگر ملز انتظامیہ ہمیشہ لیت و لعل سے کام لیتی ہے حالانکہ گنے کی پیداوار پر بے شمار اخراجات آتے ہیں جن میں لیبر کا ریٹ بڑھنے سمیت دیگر اخراجات سے بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نعمان افضل آفریدی نے دونوں فریقین کا موقف سننے کے بعد ہدایت کی کہ دونوں فریق باہمی مفاہمت اور سازگار ماحول پیدا کریں ۔ انڈنٹ اور سی پی آر کی بلاامتیاز فراہمی کو یقینی بنائیں۔ گنے کے کاشتکاروں کو انکی ادائیگی کا بروقت اہتمام کریں۔ باہمی افہام و تفہیم سے بے شمار مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے چاہے وہ شوگر ملز کی کرشنگ کا آغاز ہو یا متفقہ رائے سے گنے کا ریٹ مقرر کرنا ہو یا دیگر مسائل ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ماشااﷲ دونوں فریق انتہائی ذمہ دار ہیں ، کسی طرح کا بھی مسئلہ باہمی تعاون سے نہ صرف حل کیا جا سکتا ہے بلکہ امن عامہ کے مسائل سے بھی بچا جا سکتا ہے۔