حکومت تشدد کی راہ نہیں اپنانا چاہتی ، احتجاجی مظاہرین کیساتھ مذاکرات جاری : فواد چودھری

حکومت تشدد کی راہ نہیں اپنانا چاہتی ، احتجاجی مظاہرین کیساتھ مذاکرات جاری : ...

اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے مذہبی جماعتوں کے احتجاج اور ہڑتال کی کال کے بعد 'آپریشن' کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں ہے اور مظاہرین کیساتھ مذاکرات جاری ہیں،حکومت تشدد کی راہ نہیں اپنانا چاہتی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فواد چودھری نے کہا کہ ملک بھر میں حالات کنٹرول میں ہیں، مظاہرین کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، حکومت عوام کی زندگی اور آزادی کی ضامن ہے مظاہرین کے خلاف آپریشن کی سوشل میڈیا پر خبریں غلط ہیں۔علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کی چین کے صدر شی چن پنگ سے ملاقات کامیاب رہی جبکہ پاکستان کو چین سے بڑا اقتصادی پیکیج ملنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ چین سے اقتصادی مشکلات کم ہوں گی اور قوم کو جلد خوشخبری ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کا دورہ چین تاریخی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ وزیراعظم ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔

فواد چودھری

مزید : کراچی صفحہ اول