وزیر مواصلات اور تعمیرات کی ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

وزیر مواصلات اور تعمیرات کی ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختو نخوا کے وزیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان نے تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت کرتے ہوئے تنبیہ کی ہے کہ عوامی مفاد کے منصوبوں میں کوتاہی اور تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے صوبے بھر کے سپرنٹنڈنٹ انجنئیرز کیلئے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ عناصر کیلئے سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ میں کوئی جگہ نہیں ہے اور تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ صوبائی وزیرنے سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ میں تمام خالی اسامیوں کو جلد از جلد پر کرنے سمیت محکمہ کے دیگر مسائل کو بھی حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انجینئرز کیلئے خصوصی ٹریننگ کے اجراء سے ان کی صلاحیتوں میں مزید نکھار آئے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹریننگ اور تربیتی پروگرام کے سلسلے کو جاری رکھا جائے ۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر نے اچھی کارکردگی دکھانے والے انجنیئرز میں اسناد اور شیلڈ بھی تقسیم کئے۔

مزید : کراچی صفحہ اول