وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا اور آئی جی صلاح الدین محسود کے زیر صدارت اعلٰی سطحی اجلاس

وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا اور آئی جی صلاح الدین محسود کے زیر صدارت اعلٰی ...

پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا اور انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا پولیس صلاح الدین محسود کی زیر صدارت خیبر پختونخوا پولیس کے 100 دنوں کے پلان کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح اجلاس جمعہ کے روز سی پی او پشاور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں محکمہ پولیس کے اعلیٰ افسران کے علاوہ پاک آرمی کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔اس موقع پراجلاس کے شرکاء نے100 دنوں کے پلان کے تحت محکمہ پولیس کے مختلف امور کے علاوہ قلیل المدتی،وسطی اور طویل المدتی اہداف اوردیگر منصوبوں پرسیر حاصل بحث کی۔اجلاس میں 100 دنوں کے پلان کے تحت خیبر پختونخوا پولیس میں انوسٹی گیشن کے نظام کو مزید موثربنانے،انوسٹی گیشن کے لئے نئے پراجیکٹ شروع کرنے،امن وامان کو یقینی بنانے اور محکمہ پولیس کی جانب سے فراہم کی جانے والی موجودہ خدمات جن میں ٹریفک وارڈن سسٹم،پولیس اسسٹنس لائنز(PAL ) اور تنازعات کے حل کے لئے قائم (DRCs ) کو صوبے کے دیگر اضلاع تک وسعت دینے کے علاوہ خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع میں پولیس نظام کی توسیع کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے سات خصوصی سکولوں کی تعمیر اور اپ گریڈیشن سمیت محکمہ پولیس کو مظبوط ادارہ بنانے،پولیس کے ڈھانچے میں بہتری لانے اور قانونی و پالیسی اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔آئی جی پولیس صلاح الدین محسود نے خیبر پختونخوا پولیس کی ٹریننگ سہولیات میں بہتری کے لئے فنڈز کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موثر پولیسنگ میں بہتر ٹریننگ کا انتہائی کلیدی کردار ہے۔ اس موقع پر وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں خیبر پختونخوا پولیس نے پاکستان کی مثالی فورس بننے کے لئے انتہائی محنت اور پیشہ ورانہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ انہوں نے محکمہ پولیس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کے مسائل حل کرنے اور 100 دنوں کے پلان کے تحت اہداف کے حصول میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آنے والے سالوں میں خیبر پختونخوا پولیس مزید کامیابیاں حاصل کرنے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔

مزید : کراچی صفحہ اول