وہ معاشرہ تباہ ہو جاتا ہے جہاں انصاف نہ ملے،خرم نواز گنڈاپور

وہ معاشرہ تباہ ہو جاتا ہے جہاں انصاف نہ ملے،خرم نواز گنڈاپور

راولپنڈی (سٹی رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ وہ معاشرہ تباہ ہو جاتا ہے جہاں انصاف نہ ملے ،سانحہ ماڈل ٹاؤن کے منصوبہ سازوں کا شامل تفتیش ہونا ناگزیر تقاضا ہے ، شریف برادران نے اپنے اقتدار کے آخری دن تک انصاف نہ ہونے دیا ،سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے ، انتہاء پسندی اور دہشت گردی پرقابوپانے کیلئے حکومت کو ڈاکٹر طاہر القادری کے علم سے فائدہ اٹھانا چاہیئے ۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گزشتہ روز سپریم کورٹ سے واپسی پرضلعی سیکرٹریٹ البلال پلازہ چاندنی چوک میں ضلعی عہدیداروں انار خان گوندل ،ملک کوثر اعوان ،قاضی شفیق ،غلام علی خان ،نذیر ہزاروی ،شعیب مغل ،سلیم اعوان اور دیگرسے ایک ملاقات میں کیا ۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن ایک منظم ریاستی دہشت گردی تھی ،پولیس حکومتی حکم کے بغیرگولی نہیں چلا سکتی تھی ، ہمیں ایمان کی حد تک یقین ہے کہ اس کے ذمہ دار شریف برادران ہیں انہیں عدالت میں نہ بلایا جاناافسوس ناک ہے ،لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے امید ہے انصاف ہو گا ۔انہوں نے مزید کہاکہ ہمارے معاشرے میں جہالت کی وجہ سے انتہاء پسندی ،شدت پسندی اور دہشت گردی تیزی سے بڑھ رہی ہے ،امن عالم کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری کے علم سے ایک دنیاء مستفید ہو رہی ہے ،، مختلف ممالک میں پی ایچ ڈی ہو چکی ہیں مگرافسوس کہ ان کے اپنے ہی ملک میں ان کی خدمات سے فائدہ نہیں اٹھایا جارہا ، حکومت کو اس بارے سوچنا چاہیئے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر