متنازع علاقوں میں امن کےلئے کام کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑتی ہے‘ ملیحہ لودھی

متنازع علاقوں میں امن کےلئے کام کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑتی ہے‘ ملیحہ لودھی
متنازع علاقوں میں امن کےلئے کام کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑتی ہے‘ ملیحہ لودھی

  

نیویارک(ڈیلی پاکستان آن لائن) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان کوچھیالیس امن مشن میں کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی کی چوتھی کمیٹی سے خطاب کے دوران اقوام متحدہ کے بحالی امن کی فنڈنگ میں صوابدیدی کمی کی مخالفت کی۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ بحالی امن مشن کو سٹاف اور سامان کےلئے مناسب فنڈ درکار ہوتا ہے، صوابدیدی فنڈ کم کرنے سے اس بحالی امن کی کوشش کو نقصان کا خدشہ ہے۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ بحالی امن کے بجٹ میں کمی کے بجائے صلاحیت بہتر بنانے پر توجہ دی جائے۔

انہوں نے دنیا کے خطرناک ممالک میں پاکستانی امن مشن کی کاوشوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دولاکھ رضا کار اقوام متحدہ کے امن مشن میں شامل ہیں۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان کوچھیالیس امن مشن میں کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے، عالمی امن کےلئے پاک فوج کے ایک سو چھپن جوانوں نے جان کا نذرانہ پیش کیا۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ متنازع علاقوں میں امن کےلئے کام کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑتی ہے، متنازع علاقوں میں کام کرنے والے امید اور بہتر مستقبل کےلئے امید کی کرن ہیں۔

مزید : اہم خبریں /قومی /بین الاقوامی