میرا مشن صرف عوام کی خدمت اوران کے مسائل حل کرنا ہے،عثمان بزدار
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ میرا اثاثہ میرے صوبے کے عوام ہیں اور عوامی مسائل کا حل ہی میری اولین ترجیح ہے جب کہ میرا مشن صرف عوام کی خدمت اوران کے مسائل حل کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے وزیراعلیٰ ہاو¿س میں مختلف شہروں سے آئے لوگوں نے ملاقات کی اور اپنے مسائل پیش کیے جسے وزیر اعلیٰ پنجاب نے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے احکامات بھی جاری کیے۔
عثمان بزدار نے کہا ہے کہ میں ظالم کے مقابلے میں کمزور کے ساتھ کھڑا ہوں۔ کسی کو بھی عوام کا حق مارنے نہیں دوں گا۔
وزیر اعلی نے خبردار کیا کہ پنجاب میں مافیا کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے اور قبضہ مافیا کی طرح قانون شکنی میں ملوث دیگر گروہوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اس تبدیلی کے لئے عملی جدوجہد شروع کر دی ہے جس کا خواب کپتان نے دیکھا ہے اور پنجاب میں نئے پاکستان کی سوچ کے مطابق ہی سب کچھ ہو گا۔