آسیہ بی بی کیس ،سوشل میڈ یا پرمولانا طارق جمیل سے منسوب خبروں کی حقیقت سامنے آگئی

آسیہ بی بی کیس ،سوشل میڈ یا پرمولانا طارق جمیل سے منسوب خبروں کی حقیقت سامنے ...
آسیہ بی بی کیس ،سوشل میڈ یا پرمولانا طارق جمیل سے منسوب خبروں کی حقیقت سامنے آگئی

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)ممتاز دینی سکالر اور تبلیغی جماعت کے رہنما مولانا طارق جمیل کے میڈیا ترجمان محمد طاہر نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ موجودہ ملکی صورتحال، تحفظ ناموس رسالتﷺ اور آسیہ بی بی و عدالتی معاملات پر مولانا طارق جمیل کے نام سے سوشل میڈیا پر چلنے والی تمام پوسٹیں اور بیانات من گھڑت اور بے بنیاد ہیں ،اس حوالے سے مولانا طارق جمیل نے کوئی بیان یا رائے نہیں دی۔

تفصیلات کے مطابق معروف دینی سکالر مولانا طارق جمیل کے ترجمان محمد طاہر نے روزنامہ ’’پاکستان ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر فیک اور جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے مولانا طارق جمیل کی تصاویر اور بیانات کے نام پر جھوٹ پر مبنی باتیں پھیلا رہے ہیں جو کہ سراسر بے بنیاد اور من گھڑت ہیں ،مولانا طارق جمیل کے نام سے جھوٹی اور من گھڑت پوسٹیں کرنے والے عناصر کو اللہ سے ڈرنا چاہئے کیونکہ جھوٹی باتیں پھیلانا بذات خود اسلامی تعلیمات کے منافی ہیں اور اللہ کے رسول ﷺ نے بھی جھوٹ اور جھوٹی باتیں پھیلانے والے کو سخت ناپسند فرمایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مولانا طارق جمیل کے بیانات کو موجودہ حالات کے تناظر میں منسوب کر کے پھیلایا جا رہا ہے اور سوشل میڈیا پر ان کے نام سے بے بنیاد پوسٹیں شائع کی جا رہی ہیں جنہیں ہم مسترد کرتے ہیں ،مولانا طارق جمیل ہمہ وقت تبلیغ کے معاملات میں مصروف ہیں اور انہوں نے آسیہ بی بی کیس ،توہین رسالت ﷺ،موجودہ حالات ،دھرنوں ، احتجاج اور حکومتی معاملات کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا ،اس حوالے سے جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے مولانا طارق جمیل کے نام سے وائرل ہونے والی پوسٹیں ،ملکی معاملات پر رائے اور آسیہ بی بی کیس کے حوالے سے بیانات درست نہیں ہیں ۔

مزید : قومی