وزیراعظم کی چین کے نا ئب صدروانگ کیشان اور چینی صنعت کاروں سے ملاقات ،پاکستان محفوظ سرمایہ کاری کیلئے مثالی ملک ، سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے:عمران خان

وزیراعظم کی چین کے نا ئب صدروانگ کیشان اور چینی صنعت کاروں سے ملاقات ...
وزیراعظم کی چین کے نا ئب صدروانگ کیشان اور چینی صنعت کاروں سے ملاقات ،پاکستان محفوظ سرمایہ کاری کیلئے مثالی ملک ، سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے:عمران خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بیجنگ (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے چین کے نا ئب صدروانگ کیشان سے ملاقات کی اور چینی سرمایہ کاروں کوپاکستان میں صنعتیں لگانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان محفوظ سرمایہ کاری کیلئے مثالی ملک ہے، اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمرا خان کا چین کے نائب صدر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہناتھا کہ بدعنوانی کے خاتمے کیلئے چینی تجربات سے فائدہ اٹھاناچاہتے ہیں، سی پیک کے تحت سماجی واقتصادی ترقی اورمکانات کی تعمیرترجیح ہے ۔ رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے 70کروڑافرادکوغربت اوربدعنوانی سے نکا لنے پرچین کی ستائش بھی کی جبکہ دونوں رہنماؤں کاپاک چین سٹریٹجک تعاون کی ضرورت پرزوردیا ۔چینی نائب صدر کا کہناتھاکہ پاکستان اورچین ہرآزمائش پرپورااترنے والے شراکت دارہیں۔ دوسری طرف وزیراعظم عمران خان سے چین کی بڑی صنعتکار کمپنیوں کے سربراہوں نے الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں وزیر اعظم نے کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ترقی کا مضبوط بنیادوں پر عمل شروع ہو چکا ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین پاور چائنا گروپ یان زی یانگ نے ملاقات کی جس میں پاکستان میں توانائی ضروریات، سی پیک کے تحت جاری بجلی منصوبوں پر گفتگو کی گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ  ہر شعبےکے لئے توانائی وسائل کی اشد ضرورت ہے، بجلی کی ترسیل، ٹرانسمیشن لائنز نظام بہتر بنانے کی پلاننگ کر رہے ہیں۔اس موقع پر چیئرمین پاور چائنا گروپ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں توانائی کی ضروریات پوری کرنےکیلئے بذریعہ سرمایہ کاری کردار ادا کریں گے،انہوں نے  جلد پاکستان کے دورے کا عندیہ بھی دیا ہے۔اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان سے چائنا رینبو انٹرنیشنل انوسٹمنٹ کمپنی کی چیئرمین لی ڈیکین، چیئرمین چائنا ریلویز کنسٹرکشن کارپوریشن اور چیئرمین بینک آف چائنا گروپ نے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں،وزیراعظم نے ہواوے کمپنی مڈل ایسٹ ریجن کے صدر چارلس یانگ کو ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور انسانی وسائل کی دستیابی سے آگاہ کیا۔

بعد ازاں وزیراعظم کی چینی کمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقات کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔اعلامیے میں بتایا گیا کہ عمران خان نے چینی کمپنیوں کے سربراہان کو حکومت کے سماجی و معاشی ایجنڈے سے آگاہ کیا جب کہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔وزیراعظم نے چینی کمپنیوں کے سی پیک سمیت کئی بزنس وینچرز میں شمولیت کو سراہا جب کہ چینی کمپنیوں کے سربراہوں نے بھی وزیراعظم کے وژن کو سراہا۔اعلامیے کے مطابق چینی کمپنیوں نے پاکستان میں توانائی، تعمیرات اور دیگر شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔